معروف ہدایت کار کے دفتر سے چور نقدی اور الیکٹرانکس کا سامان لیکر فرار
لاہور(کرائم سیل)قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ میں معروف ہدایت کار کے دفتر میں چوری کی واردات، چور ہزاروں روپے کی نقدی اور الیکٹرانکس کا سامان لے کر فرار ہو گئے ۔پولیس نے واقع کا مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ رائل پارک میں معروف ہدایت کار فیصل کھچی نے اپنا دفتر کھول رکھا تھا جس میں ان کی بنائی گئی فلموں کا تمام ریکارڈ بھی موجود تھا۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز وہ اپنا دفتر بند کر کے گھر گئے تو رات گئے نامعلوم چوروں نے ان کے دفتر کے تالے توڑکر اندر گھس کر ہزاروں روپے کی نقدی ،پرائز بانڈ ،ایڈیٹنگ سسٹم،لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کی ہارڈ ڈسکیں چوری کر لیں جس میں ان کی بنائی گئی فلموں کا تمام ریکارڈ اور ماسٹر پرنٹ موجود تھے۔پولیس نے فیصل کھچی کی درخواست پر واقعہ کا مقدمہ دفعہ 457/380 کے تحت درج کر لیااور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔