لوہاری گیٹ ، دو گروپوں کے مابین تصادم ،2 افراد شدید زخمی
لاہور(کرائم سیل) لوہاری گیٹ کے علاقہ میں دو گروپوں کے مابین تصادم میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ریسکیو ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال میں منتقل کیا جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لوہاری گیٹ کے علاقہ میں محمد اسحاق اور اس کے ساتھیوں کا نعمان کے ساتھ لین دین کا تنازع تھا۔اہل محلہ کے مطابق گزشتہ روز نعمان اپنے دوست امجد کے ساتھ گلی میں کھڑا تھا کہ اسحاق اپنے 5ساتھیوں کے ہمراہ آیا اور اس سے 25ہزار کی رقم کا تقاضا کیا۔اسی دوران ان میں تلخ کلامی ہو گئی جس پر طیش میں آ کر اسحاق اور اس کے ساتھیوں نے نعمان اور اس کے دوست پر تشدد کرنا شروع کر دیا اور انہیں زخمی کر دیا۔اہل محلہ نے انہیں چھڑوایا اور ریسکیو 1122کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال میں منتقل کیا جبکہ ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے ۔پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔