ایڈمن افسروں کی تعیناتی تھانہ کلچر کی تبدیلی کی جانب سے اہم پیش رفت ہے، امین وینس
لاہور(کر ائم سیل)سی سی پی او لاہور کیپٹن( ر) محمدامین وینس نے کہا ہے کہ ایڈمن افسروں کی تعیناتی تھانہ کلچر کی تبدیلی کی جانب اہم پیش رفت ہے اور اس پراجیکٹ کی کامیابی کے لیے ایس ایچ او سے لے کر سی سی پی او تک تمام افسران اپنی ہر ممکن صلاحیتوں اور کاوش کو برؤئے کار لا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں میں مسائل کے حل کے لیے آنے والے شہری ایڈمن افسروں سے رابطہ کریں جو نہ صرف ان کی بات پوری تسلی سے سنیں گے بلکہ ان کا مسئلہ حل کروانے کے لیے اگر انہیں سی سی پی او یا ڈی آئی جی آپریشنز سے بات کرنا چاہیں تو یہ اختیار ان کے پاس موجود ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے تھانہ بھاٹی گیٹ میں ایڈمن افسر اور بیٹ سیفٹی کمیٹیز کے دفاتر کا افتتاح کرتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر ایس پی سٹی اسد سرفراز ، ڈی ایس پی لوئر مال نوید ارشاد اور ڈی ایس پی رنگ محل عتیق سندھو اور ایس ایچ او بھاٹی مظہر اقبال کے علاوہ انچارج انویسٹی گیشن انسپکٹر عابد شاہ بھی موجود تھے۔ سی سی پی او نے کہا کہ معاشرے سے جرائم کے خاتمے اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو پولیس اور شہریوں کے تعاون سے ہی جیتا جا سکتا ہے لہذا یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ پولیس اور شہری مل کر دہشت گردوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف صف آراء ہو جائیں تا کہ معاشرے کے ان ناسوروں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنا کر ملک کو امن و آتشی کا گہوارہ بنایا جا سکے۔