بنی گالہ میں تبدیلی آگئی: عمران اور ریحام خان نے نئی زندگی کا آغاز کر دیا

بنی گالہ میں تبدیلی آگئی: عمران اور ریحام خان نے نئی زندگی کا آغاز کر دیا

اسلام آباد،لاہور(آن لائن ،اے این این، نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ریحام خان رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے،نکاح کی تقریب بنی گالہ میں ہوئی، مفتی سعید انورنے نکاح پڑھایاجبکہ عمران خان کے قریبی دوست ذاکر خان اورعون چودھری گواہ بنے ،چاروں بہنوں اورعمران خان کے بچوں سمیت کسی قریبی رشتہ دار نے شرکت نہ کی ۔تفصیلات کے مطابق عمران خان اور ریحام خان رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے اس حوالے سے نکاح کی تقریب عمران خان کی اسلام آباد میں رہائش گاہ بنی گالہ میں منعقد ہو گی ، مفتی سعید انور نے نکاح پڑھایا ،حق مہر ایک لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہیجبکہ عمران خان کے قریبی دوست ذاکر خان اور عون چوہدری گواہ بنے ۔ نوبیاہتا جوڑے نے ہم رنگ ملبوسات زیب تن کررکھے تھے۔ عمران خان نے کریم رنگ کی شیروانی پہنی ہوئی تھی جبکہ ریحام خان بھی اسی رنگ کے جوڑے میں ملبوس تھیں۔ نکاح کی تقریب میں 10 سے 15 افراد ہی شریک تھے یہاں تک کہ عمران خان کی چاروں بہنیں اور دونوں بچے بھی شریک نہیں تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف اور اینکر پرسن ریحام خان کے نکاح کی خبر ملتے ہی پی ٹی آئی کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کپتان کے کھلاڑیوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں بھنگڑے بھی ڈالے۔ ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کی شادی کی تقریب کیلئے دعوت نامے جاری نہیں کیے گئے تھے ۔نکاح کے بعد مفتی سعید انور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ عمران خان اور ریحام خان کا نکاح پڑھا دیا ہے،جبکہ ایک لاکھ روپے حق مہر رکھا گیا ۔پاکستان تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے اس حوالے سے کہا کہ شادی اور ولیمے کی باقاعدہ کوئی تقریب نہیں ہو گی،کل غریب بچوں میں کھانا تقسیم کیا جائے گا۔پی ٹی آئی کے راہنماعمران اسماعیل نے اس حوالے سے کہا ہے کہ عمران خان اور ریحام خان بہت خوش ہیں، شروع میں پروگرام تھا کہ شادی کی بہت بڑی تقریب ہوگی اور پارٹی ورکرزچاہتے تھے کہ ڈی چوک پرشاندارطریقے سے شادی ہو،لیکن سانحہ پشاور کے باعث باقاعدہ تقریب نہیں ہوگی،کل ولیمے کے بعد غریب بچوں میں کھانا اورکپڑے تقسیم کیے جائیں گے۔ دوسری جانب وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ خان صاحب۔ شادی مبارک ہو، کرکٹر وسیم اکرم نے بھی عمران خان کو نکاح پر مبارکباد پیش کی جب کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے نیک تمناں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ عمران اپنی خوشگوار زندگی گزاریں۔جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے عمران خان کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی شادی بے امنی اور غم کے ماحول میں خوشی کا باعث بنی ، شادی پر عمران خان کو مبارکباد یتے ہیں ۔ تحریک انصاف عمران خان کی شادی پر کرکٹ سے وابستہ افراد کی مبارکبادیں ، مایہ ناز آل راؤنڈر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے اپنے سوئنگ کے استاد عمران خان کے نکاح پر ان کو مبارکباد پیش کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کو عمران خان کی شادی پر بہت خوشی ہوئی ہے ،یہ خوشیاں ان کی زندگی میں ایک نئی تبدیلی لائینگی ۔ جمعرات کو عمران خان کے نکاح کے بعد وسیم اکرم نے عمران خان کو شادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ کپتان کی زندگی میں شادی کے بعد ایک نئی تبدیلی آئے گی جو اس کی شخصیت میں مزید نکھار پیدا کرے گی ۔ وسیم اکرم کے علاوہ شاہد آفریدی ، عبدالقادر ، جاوید میانداد ،اور ہاکی اور سکواش سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی بھی مبارکبادیں ۔ عمران خان کو کرکٹرز ، سیاسی رہنماؤں سمیت اعلیٰ سماجی شخصیات نے بھی شادی کی مبارکباد دی ۔ جمعرات کی شام عمران خان کے نکاح کے بعد وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، سابق کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ کے علاوہ انضمام الحق ، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، سابق کرکٹر عبدالقادر ، ملالہ یوسفزئی ، رہنما اے این پی حاجی عدیل ، سکواش ، ہاکی کے کھلاڑیوں سمیت اعلیٰ شخصیات نے بھی مبارکباد دی اور نئے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تحریک انصاف کے کارکنوں نے اس خوشی کے موقع پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور کئی کارکن ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کرتے رہے۔خواجہ سعد رفیق نے عمران خان کی شادی پراْنہیں مبارکباد دی اور کہاکہ شادی سنت رسول ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کاکہناتھاکہ وہ خلوص دل سے عمران خان کو شادی کی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا ہے کہ اْن کی نئی زندگی خوش وخرم گزرے

مزید : صفحہ اول