بھارت میں جنگلی ہاتھیوں کے ساتھ سیلفی کا شوق خطرناک

بھارت میں جنگلی ہاتھیوں کے ساتھ سیلفی کا شوق خطرناک

  

نئی دہلی(این این آئی)بھارت ی مشرقی ریاست اڑیسہ میں جنگلی ہاتھیوں کے ساتھ سیلفی کا نیا شوق پریشانی کا سبب ہے اور کئی لوگوں کی جان چلی گئی ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق محکمہ جنگلات کے حکام نے مقامی صحافی سبرت کمار پاتی کو بتایا کہ ان واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔دسمبر کے مہینے میں ایک مقامی جے کرشنا نایک بازار سے اپنے گاؤں جا رہے تھے کہ انھوں نے گاؤں میں ایک ہاتھی دیکھا جس کے گرد ایک بھیڑ جمع تھی۔ لوگ اس کی تصویریں لے رہے تھے اور جانور کو پریشان کر رہے تھے۔وہ بھی اس بھیڑ میں شامل ہو گئے اور ہاتھی کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش کی۔ لیکن اسی دوران غصے میں بپھرے ہوئے جانور نے انھیں سونڈ میں لپیٹ کر ہلاک کر دیا۔جے کرشنا کے بیٹے نے بتایا کہ بہت سے لوگوں نے یہ منظر دیکھا لیکن کوئی انھیں نہیں بچا سکا۔اس نے کہا کہ دوسرے لوگ تو بھاگنے میں کامیاب ہو گئے لیکن ان کے والد نہ بچ سکے۔اسی طرح کا ایک واقعہ ستمبر میں رونما ہوا تھا۔ ایک سکیورٹی گارڈ اشوک بھارتی سیلفی لینے کے لیے جانور کے اتنے قریب گیا کہ وہ اس کی زد میں آ گیا اور ہلاک ہو گیا۔کسی دوسرے شخص نے ویڈیو میں ان کی ہلاکت کے منظر کو قید کیا کہ وہ اس سے قریب سے قریب ہوتے جا رہے تھے کہ اچانک ہاتھی نے ان پر حملہ کردیا۔اشوک بھارتی نے بچنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکے اور کچلے گئے۔ انھیں جلدی سے ہسپتال لے جایا گیا لیکن راستے میں ہی ان کی موت ہو گئی۔ ان کے بچنے کی کوشش کا ویڈیو وائرل ہوگیا تھا۔ان کے علاوہ دوسرے بہت سیلفی لینے والوں کی جان تو بچ گئی ہے لیکن وہ شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں۔

وائلڈ لائف کے ماہر بسواجیت مکھرجی نے بتایاکہ اس علاقے میں ہاتھیوں کے حملے کے بہت سے واقعات رونما ہوتے ہیں لیکن کم کی رپورٹ درج ہوتی ہے۔اڑیسہ کی ریاستی حکومت نے سیلفی کے اس رجحان کو سنجیدگی سے نوٹس میں لیا ہے۔ وائلڈ لائف کے ریاستی سربراہ سندیپ ترپاٹھی نے بتایا کہ وہ جنگلی ہاتھیوں کے زیادہ قریب جانے کے خطرات کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے حساس علاقوں میں سپیشل مہم اور نقلی ڈرل منعقد کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

مزید :

عالمی منظر -