برطانوی وزیراعظم غیر سفید فام ارکان پارلیمنٹ کو کابینہ میں شامل کریں گی

برطانوی وزیراعظم غیر سفید فام ارکان پارلیمنٹ کو کابینہ میں شامل کریں گی

لندن(این این آئی)برطانوی وزیراعطم ٹریزا مے اپنی حکومت میں تبدیلیوں کا اردہ رکھتی ہیں اوراس بات کا اعلان کسی بھی وقت متوقع ہے تاہم توقع ہے کہ وزیرخارجہ، وزیر مالیات، وزیر داخلہ اور یورپی یونین سے انخلاء کے امور کے وزیر اپنے منصبوں پر برقرار رہیں گے۔برطانوی اخبار کے مطابق اس ترمیم کا مقصد کابینہ میں غیر سفید فام نوجوان خواتین اور ارکان پارلیمنٹ کو شامل کرنا ہے۔ یہ درحقیقت ملک میں اْن ووٹروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش ہے جنہوں نے گزشتہ برس ہونے والے انتخابات میں ٹریزا مے کو دھچکا پہنچایا تھا۔توقع ہے کہ ٹریزا مے نئے فرسٹ سکریٹری آف اسٹیٹ کا تقرر بھی کریں گی۔ اس سے قبل طویل عرصے سے مے کے حلیف ڈیمین گرین گزشتہ ماہ اپنے منصب سے مستعفی ہونے پر مجبور ہو گئے تھے۔اس امر کی توقع تھی کہ ٹریزا مے 2017 کے بعد اپنی وزارتی ٹیم میں وسیع پیمانے پر ترمیم کریں گی۔ وہ پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو دینے کے بعد قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ بھی کر چکی ہیں۔جن وزراء کے اپنے مناصب سے ہاتھ دھو بیٹھنے یا دیگر مناصب پر منتقل کر دیے جانے کی توقع ہے ان میں خاتون وزیر تعلیم جسٹین گرینج اور وزیرِ کاروبار گریگ کلارک شامل ہیں۔

مزید : عالمی منظر