یمن ، 2017 میں آزادیِ صحافت کی خلاف ورزیوں کے 300 واقعات

یمن ، 2017 میں آزادیِ صحافت کی خلاف ورزیوں کے 300 واقعات

صنعاء(این این آئی)یمن میں صحافیوں کی انجمن نے بتایا ہے کہ سال 2017 کے دوران آزادیِ صحافت کو نشانہ بنانے والی کارروائیوں کی تعداد 300 کے قریب پہنچ گئی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق انجمن نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ صحافیوں اور کیمرہ مینوں کے علاوہ درجنوں اخبارات ، نیوز ویب سائٹیں اور میڈیا مراکز ان خلاف ورزیوں کی لپیٹ میں آئے۔ کارروائیوں میں اغوا، گرفتاری، قتل، تعاقب اور اشتعال انگیزی شامل ہے۔انجمن کی رپورٹ کے مطابق 2017 کے دوران ہونے والی خلاف ورزیوں میں 204 واقعات کا ارتکاب حوثیوں نے کیا اور 54 کارروائیاں دیگر فریقوں نے کیں جب کہ 28 واقعات میں نامعلوم افراد ملوث رہے۔یمنی انجمن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آزادی صحافت کے خلاف کارروائیوں میں اغوا اور گرفتاریوں کے 103 واقعات، نیوز ویب سائٹوں کی بندش کے 37 واقعات، حملوں اور دھاوے کا نشانہ بنانے کے 34 واقعات، دھمکیوں اور اشتعال انگیزی کے 31 واقعات اور قتل کی منصوبہ بندی کے 29 واقعات شامل ہیں۔انجمن کی رپورٹ کے مطابق حوثی باغیوں کی طرف سے اغوا کی 81 کارروائیوں کاارتکاب کیا گیا جن میں 14 صحافی ابھی تک مغوی ہیں۔

مزید : عالمی منظر