قومی باؤلرز نے نیوزی لینڈ کے اوپنرز گپٹل اور منرو کو ہدف بنا لیا

قومی باؤلرز نے نیوزی لینڈ کے اوپنرز گپٹل اور منرو کو ہدف بنا لیا

  

نیلسن (نیٹ نیوز)پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کیلئے نیوزی لینڈ کے اوپنرز مارٹن گپٹل اور کولن منرو کی وکٹوں کو ہدف بنا لیا۔پیر کو نیلسن میں قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے بالنگ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ مجھے اپنے بالرز پر پورا اعتماد ہے کہ وہ نیوزی لینڈ کے اوپنرز کی وکٹیں لینے میں کامیاب رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مارٹن گپٹل اور منرو دونوں بہترین فارم میں ہیں۔ منرو تیز کھیلنا پسند کرتے ہیں جبکہ گپٹل وکٹ پر سیٹ ہونے کیلئے وقت لیتے ہیں، ہمیں انہیں جلدی آوٹ کرنا ہو گا اور ہم وکٹیں لینے کیلئے بالنگ کریں گے۔تاہم بالنگ کوچ نے اس تاثر کی نفی کی کہ وکٹیں نہ لینے کی صورت میں میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے بالرز پر بھروسہ ہے ۔

جو میچ میں کسی بھی موقع پر وکٹیں لے سکتے ہیں لیکن نئی گیند کا استعمال اہم ہو گا۔ ہماری بالنگ مضبوط ہے اور ہم اگلے میچ میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔اظہر محمود نے اس موقع پر حریف کپتان کین ولیمسن کو ملنے والے مواقعوں پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ولیمسن ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور اگر ان کو موقع ملے گا تو وہ ہمارے لیے مشکلات کھڑی کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہت اچھی ہے لیکن ہم ان سے بڑی اور صف اول کی ٹیموں کو شکست دے چکے ہیں اور ہم دنیا کی ہر اچھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -