کاروباری ہفتے کے پہلے روز انڈیکس میں زبردست تیزی ،588پوائنٹس بڑھ گیا

کاروباری ہفتے کے پہلے روز انڈیکس میں زبردست تیزی ،588پوائنٹس بڑھ گیا

کراچی (این این آئی)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیرکو زبردست تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی 6بالائی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں،سرمایہ کاری مالیت میں 95 ارب42کروڑ روپے سے زائدکااضافہ، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت3.70 فیصدزائد جبکہ74.87فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے ٹیلی کام،توانائی،اسٹیل اور بینکنگ سمیت دیگر سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبارکاآغاز مثبت زون میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 43261پوائنٹس کی بلندسطح پر بھی دیکھا گیا تاہم اتار چڑھاؤ کے باعث کے ایس ای100انڈیکس موجودہ سطح پر برقرار نہ رہ سکاتاہم تیزی کا سلسلہ سارا دن جاری رہا ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس588.13پوائنٹس اضافے سے43112.12پوائنٹس پر بندہوا۔ مجموعی طور پر394کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے295 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ اضافہ،78 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ21 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں95ارب42 کروڑ23لاکھ51 ہزار482 روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر89 کھرب83 ارب19 کروڑ88لاکھ41 ہزار17روپے ہوگئی۔ پیر کو مجموعی طور پر27کروڑ6 لاکھ11ہزار900 شیئرز کا کاروبار ہوا جو جمعہ کی نسبت96 لاکھ61ہزار980 شیئرززائد ہے۔

قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے فلپس موریس پاک کے حصص سرفہرست رہے جس کے حصص کی قیمت150.00 روپے اضافے سے3190.00روپے اوروائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت75.86 روپے اضافے سے1593.07 روپے پر بند ہوئی۔ نمایاں کمی نیسلے پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی، جس کے حصص کی قیمت300.00 روپے کمی سے11400.00 روپے اورباٹاپاک کے حصص کی قیمت106.61روپے کمی سے2496.66 روپے ہوگئی۔پیر کوورلڈکال ٹیلی کام کی سرگرمیاں3کروڑ52 لاکھ68 ہزارشیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں، جس کے شیئرز کی قیمت8پیسے اضافے سے3.17 روپے اوراے زی گارڈنائن کی سرگرمیاں 1 کروڑ56 لاکھ54 ہزار500شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت66پیسے اضافے سے15.36 روپے پر بند ہوئی۔پیر کو کے ایس ای 30 انڈیکس302.96پوائنٹس اضافے سے21760.91پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس679.32پوائنٹس اضافے سے72794.51 پوائنٹس اور کے ایس ایس آل شیئرز انڈیکس335.39 پوائنٹس اضافے سے31212.44 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مزید : کامرس