رواں سال غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے 3.7ڈالر کا ہدف : نعیم زمیندار

رواں سال غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے 3.7ڈالر کا ہدف : نعیم زمیندار

 لاہور (کامرس ڈیسک) چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ نعیم وائی زمیندار نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیرملکی و مقامی سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے غیرملکی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے مزید معاہدوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران سے ملاقات میں چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری بتدریج بڑھ رہی ہے، رواں سال غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے 3.7ارب ڈالر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غیرملکی اور مقامی سرمایہ کاری کے لیے بہترین جگہ ہے، چین پاکستان اکنامک کاریڈور کے تحت سپیشل اکنامک زونز پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، اگلے پچیس سالوں میں چین کی معیشت کا حجم 30ٹریلن ڈالر ہوجائے گا جس سے پاکستان بھرپور فائدہ اٹھاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیداواری لاگت کم ہونی چاہیے تاکہ صنعتوں کو فائدہ ہو۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ کاروباری برادری کو کم غیر ملکی سرمایہ کاری پر تشویش ہے۔ ترقی پذیر ممالک میں سرمایہ کاری جی ڈی پی کے 30فیصد کے مساوی ہونی چاہیے لیکن پاکستان میں یہ صرف 16فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 48 ممالک نے پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں لیکن ان کی پاکستان میں سرمایہ کاری بہت کم ہے، بورڈ آف انویسٹمنٹ ان ممالک پر خصوصی توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زون ایکٹ ستمبر 2012میں متعارف کرایا گیا تھا اور اس کے تحت غیرملکی سرمایہ کاروں کو جو رعائتیں دی گئی تھیں ان کے پیش نظر سرمایہ کاری میں جتنا اضافہ ہونا چاہیے تھا اتنا ہوا نہیں لہذا اس معاملے پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ساکھ کے متعلق منفی تاثرات نے سرمایہ کاری کو بْری طرح متاثر کیا ہے۔

لہذا اس مسئلے کے ساتھ موثر انداز میں نمٹا جائے۔

مزید : کامرس