بین الاقوامی نمائشوں کیلئے جامعہ زرعیہ کا جدید ایگزیبیشن سنٹر تیار

بین الاقوامی نمائشوں کیلئے جامعہ زرعیہ کا جدید ایگزیبیشن سنٹر تیار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

فیصل آباد ( بیورورپورٹ) فیصل آباد میں بین الاقوامی سطح کی نمائشوں کے انعقاد کیلئے جامعہ زرعیہ کا جدید ایگزیبیشن سنٹر تیار ہے ۔ اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر اور دوسری صنعتی و تجارتی تنظیموں کو اس سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ یہ بات جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری ، فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور آفس آ فیسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات باعث اطمینان ہے کہ فیصل آباد کے صنعتکار عالمی معیار کی مصنوعات تیار کر رہے ہیں جنہیں دنیا بھر میں منفرد حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کیلئے بڑے پیمانے پر نمائشوں کا انعقاد ہونا چاہیے۔ جس کیلئے جامعہ زرعیہ کا ایگزیبیشن سنٹر موجود ہے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی طرف سے چیمبر میں جامعہ زرعیہ کے ڈیسک کے قیام کی تجویز پر وائس چانسلر نے کہا کہ اس کی بجائے چیمبر اور جامعہ زرعیہ کی ایک مشترکہ کمیٹی قائم کی جائے ۔


جس کے سہ ماہی اجلاسوں میں باہمی دلچسپی کے معاملات پر گفت و شنید کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ نے صنعتوں کیلئے بے شمار مصنوعات تیار کی ہیں جبکہ ان کی کمرشلائزیشن کیلئے ORIC کا ادارہ قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صنعتی مسائل کے حل کیلئے بھی جامعہ کے سائنسدان ہمہ وقت تیار ہیں انہوں نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے چھوٹے اور درمیانہ درجہ کی صنعتوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ٹیکنالوجی ڈویلپمنٹ کے نام سے ایک خصوصی فنڈ قائم کیا ہے جس کے تحت اسی۔ بیس کی شرح سے 12 ملین روپے تک کے منصوبے شروع کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ زرعیہ اس سلسلہ میں پہلے ہی اس فنڈ سے بارہ منصوبے مکمل کر چکا ہے لیکن یہ اس شہر کے حوالے سے بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کو مقامی ایس ایم ای سیکٹر کو اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے ترغیب دینا ہوگی تاکہ انکی ترقی کے ساتھ ساتھ یہ شہر اور ملک بھی ترقی کر سکے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے کہا کہ بلاشبہ فیصل آباد کے تحقیقی سائنسی اداروں نے گراں قدر ایجادات اور ٹیکنالوجی دریافت کی ہیں لیکن انکے ثمرات انڈسٹری تک نہیں پہنچ سکے اس کی بڑی وجہ انڈسٹری اور اکیڈیمیا میں رابطوں کا فقدان ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں انڈسٹری اکیڈیمیا لینکجز کے نام سے ڈاکٹر حبیب اسلم گابا کی سربراہی میں کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری لاہور میں ایک بین الاقوامی معیار کی ’’میڈ ان فیصل آباد ‘‘نمائش کا اہتمام کر رہا ہے جس میں بڑے پیمانے پر ملکی اور غیر ملکی خریداروں کی آمد متوقع ہے ۔ انہوں نے اس نمائش میں جامعہ زرعیہ کو مفت سٹال دینے کی بھی پیشکش کی۔ فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی صدر محترمہ روبینہ امجد نے بتایا کہ جامعہ زرعیہ میں 19 جنوری کو پہلا وومن انٹر پرینورز فیسٹیول لگایا جار ہا ہے۔ اس کے 80 فیصد سٹال بک چکے ہیں جبکہ اس میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی ممبران بھی شرکت کرینگی۔ اس موقع پر آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ظہیر احمد اظہر ، وومن ایکس کی نمائندہ جبکہ وومن چیمبر کی نائب صدر ھنیہ جاوید ، فیصل آباد چیمبر کی انڈسٹری اکیڈیمیا لینکجز کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر حبیب اسلم گابا ، مس قراۃ العین اور سیکرٹری جنرل عابد مسعود بھی موجود تھے۔

مزید :

کامرس -