ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سکروٹنی کا عمل روک دیاگیا

ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سکروٹنی کا عمل روک دیاگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسویسی ایشنز کے سکروٹنی کے عمل کو تاحکم ثانی روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا، عدالت نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزارکاشف جاوید نے موقف اختیار کیا کہ کرکٹ کے فروغ اور معیار کو قائم رکھنے کے لیے ڈسٹرکٹ کرکٹ کلبوں کی سکروٹنی کروانا قانونی تقاضا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ قانون کے تحت چھ سال کے عرصے میں ڈسٹرکٹ کرکٹ کلبوں کی سکروٹنی کا عمل مکمل کرنے کے بعد ہی الیکشن کرائے جا سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماورائے قانون اقدام کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے معاملات میں بے جا مداخلت شروع کر دی ہے،ضلعی کرکٹ کلبوں کے من پسند نتائج حاصل کرنے کے لئے سکروٹنی کمیٹی قائم کر دی ہے،انہوں نے استدعا کی کہ عدالت پی سی بی کے ایماء پر قائم غیر قانونی سکروٹنی کمیٹی اور اس کے فیصلے کو کالعدم قرار دے،جس پر عدالت نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔