سالانہ بونس اور ماہانہ مہنگائی الاؤنس پر سعودی عوام مطمئن
ریاض(اینی این آئی)سعودی عرب میں عوام نے حکومت کی جانب سے شہریوں کے لیے متعدد عوام دوست معاشی اقدامات کے اعلان کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے مملکت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کے بعد حکومت نے عوام کے لیے سالانہ بونس اور ماہانہ مہنگائی الاؤنس کا اعلان کیا جس سے شہریوں میں اطمینان اور مسرّت کی لہر دوڑ گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی حکومت کے حالیہ اعلانات کا مقصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ میں ریلیف فراہم کرنا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت کے اقدامات بالکل مناسب وقت پر سامنے آئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ حکومتی فیصلے معیشت کو متحرّک کرنے اور منڈیوں میں نئی رْوح پھونک دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔دوسری جانب متعلقہ اداروں نے تاجروں کو خبردار کیا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافے کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔