بد قسمتی سے ملک اور عوام کو ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا،پرویزخٹک

بد قسمتی سے ملک اور عوام کو ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا،پرویزخٹک

پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے اس ترقی پذیر ملک اور غریب عوام کو ڈاکوؤں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا جنہوں نے اپنی ذات کیلئے تو خوب دولت جمع کی مگر اداروں کو بری طرح تباہ کیا۔ نواز شریف ، آصف علی زرداری حیدر ہوتی ، اسفندیار اور اس طرح کے دیگر سیاستدانوں نے اتنی ساری جائیدادیں کہاں سے بنالیں یہ قوم کیلئے سوچنے کا مقام ہے۔ان سیاستدانوں نے کبھی بھی خود کو جوابدہ سمجھا ہی نہیں مگر عوام ان کے نعروں ، وعدوں پر اعتماد کرتے رہے ، اب قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ کب تک وہ سیاستدانوں اور خوانین کے پیچھے بھاگتے رہیں گے۔عمران خان واحد سیاستدان ہیں جو اس مفاد پرست سوچ کے خلاف کھڑے ہوئے اور عوام کی آسانی اور ترقی کیلئے نظام کی تبدیلی کا بیڑا اْٹھایا۔ ان خیالات کا اظہار اْنہوں نے اکوڑہ خٹک میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیاجس میں مسلم لیگ ن کے ضلعی سینر نائب صدر سہیل خان خٹک نے اپنے دیگر کارکنوں پورے خاندان اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن سے 35 سالہ رفاقت ختم کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔پرویز خٹک نے اکوڑہ خٹک سے مسلم لیگ ن کے ضلعی سینر نائب صدر کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا اور اسے پی ٹی آئی کی ایماندار قیادت پر اعتماد کا مظہر قرار دیا ہے۔

پرویزخٹک

مزید : علاقائی