پریس کلب میں نان ممبران کے داخلے پر پابندی کو یقینی بنایا جائے گا، گورننگ باڈی

پریس کلب میں نان ممبران کے داخلے پر پابندی کو یقینی بنایا جائے گا، گورننگ ...

لاہور (خصوصی رپورٹ) لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی 2018 ء کا پہلا اجلاس صدر محمد اعظم چوہدری کی زیر صدارت ہوا جس میں سینئر نائب صدر مجتبیٰ باجوہ، نائب صدر شکیل سعید، سیکرٹری عبدالمجید ساجد، جوائنٹ سیکرٹری سالک نواز، خزانچی احسان شوکت، رکان گورننگ باڈی محمد شاہنواز رانا، محمد شاہد چو دھری ، محمد احمد رضا، سلمان قریشی، حسن تیمور جکھڑ، علی شیراز، حاجی عبدالغفور، قیصر رشید بٹ اور نواب مقبول شریک ہوئے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کلب کے ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ کلب میں نان ممبران کے داخلے پر پابندی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ معزز ارکان کے مہمان صرف میزبان کی موجودگی میں کلب آسکیں گے ۔اجلاس میں کلب انتخابات کے عمل کو زبردستی رکوانے، دھرنا دینے، کلب آفس کو زبردستی بند کرانے اور پولنگ ہال کے تالوں میں ایلفی ڈالنے کے عمل کی شدید مذمت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اس حوالے سے سینئر ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے اور آئندہ ایسے ناخوشگوار واقعات پر قابو پایا جا سکے۔پریس کلب انتخابات2018 ء کا انعقاد کرنے والی دونوں کمیٹیوں کے معزز ارکان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا جائے گا۔اسی طرح نئے ارکان اور سابق گورننگ باڈی کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام بھی کیا جائے گا جبکہ سینئرز کے اعزاز میں تقاریب کے سلسلے کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ایسے ممبران جو کلب، صحافی کالونی یا کمیونٹی کے اجتماعی مفاد کے خلاف کسی بھی معاملے کو عدالتوں میں لے جائیں گے ماضی کی جنرل کونسل کے فیصلوں کی روشنی میں انکی ممبرشپ پر تاحیات پابندی عائد کردی جائے گی۔گورننگ باڈی نے گذشتہ گورننگ باڈی کیطرف سے امجد فاروق کلو اور اعجاز بٹ کی چھ چھ ماہ تک رکنیت معطل رکھنے کے فیصلے کے خلاف ان افراد کا عدالتوں کا رخ کرنے، تھانوں میں کلب عہدیداروں اور الیکشن کمیشن کے خلاف مقدمات درج کرنے کی درخواستیں دینے اور سوشل میڈیا پر معاملات کو اچھالنے کے بعد دونوں افراد کی مستقل طور پر رکنیت ختم کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا ۔اجلاس میں متفقہ طور پر طے پایا کہ تمام کلب ممبران کی بلا امتیاز سکروٹنی کی جائے گی ایک غیر متنازعہ سکروٹنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔کلب کی ایسوسی ایٹ ممبرشپ کی سالانہ فیس پانچ ہزار روپے مقرر کی گئی۔)صحافی کالونی کے حوالے سے صدر محمد اعظم چوہدری نے اجلاس میں بتایا کہ ایف بلاک کی چار دیواری مکمل ہو چکی ہے جبکہ ترقیاتی کاموں کی ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے جس کے بعدایف بلاک کی ڈویلپمنٹ کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ بی بلاک کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ بی بلاک کا مسئلہ حل کے قریب پہنچ چکا ہے جلد ہی کلیئر پلاٹس کا قبضہ الاٹیز کے حوالے کر دیا جائے گا دوسرے مرحلے میں بی بلاک کے متبادل پلاٹس الاٹ کئے جائیں گے۔ فیز ٹو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سے فیز II کی منظوری ہو چکی ہے اور زمین کی نشاندہی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔یف بلاک کے ایسے ارکان جو ابھی تک اپنے فارم جمع نہیں کرا سکے وہ فوری طور پر جمع کروادیں تاکہ الاٹمنٹ لیٹرز کیلئے قرعہ اندازی کا عمل مکمل کرایا جا سکے اور پی جے ایچ ایف جلد ہی ایف بلاک کے ڈویلپمنٹ چارجز کی مد میں بقایاجات کی اقساط کا شیڈول بھی جاری کردے گی۔کلب کیفے ٹیریا کے معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے خزانچی احسان شوکت کی سربراہی میں کیفے ٹیریا کمیٹی تشکیل دی گئی۔)اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ کیفے ٹیریا میں سروس صرف کارڈ پر دی جائے گی اور پندرہ سو روپے سے زائد واجبات کی صورت میں سروس معطل رہے گی جبکہ گیسٹ چارجز کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔)گورننگ باڈی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے طے شدہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس حوالے سے کلب کے معزز ممبران اور عہدیداران کے خلاف غلیظ اور نازیبا زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف رولز کے مطابق بلا امتیاز کارروائی کرتے ہوئے ممبرشپ بھی منسوخ کی جا سکے گی۔گورننگ باڈی کے پہلے اجلاس میں سابق صدر محمد شہباز میاں نے بطور آبزرور شرکت کی اور گورننگ باڈی کو تجاویز بھی دیں۔اجلاس میں سابق صدر محمد شہباز میاں کی کلب انتخابات2018 ء کے انعقاد کے سلسلے میں تمام امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کاوشوں کو سراہا گیا۔

پریس کلب

مزید : علاقائی