پاکستان خطہ کی بڑی قوت بنے گا ، میلی نگاہ ڈالنے والوں کا انجام براہو گا

پاکستان خطہ کی بڑی قوت بنے گا ، میلی نگاہ ڈالنے والوں کا انجام براہو گا

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر)دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ امت مسلمہ جن سازشوں سے دوچار ہے وہ اتحاد کے بغیر ختم نہیں ہو سکتیں۔مقبوضہ بیت المقدس یہودیوں کے قبضے میں ہے اور پاکستان کو بھی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ہمیں چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ایک ہونا پڑے گا۔11جنوری کو لاہور میں آل پارٹیز کانفرنس جبکہ 12جنوری کو فیصل آباد میں بڑی تحفظ بیت المقدس کانفرنس ہو گی۔ امریکی دھمکیوں کیخلاف حکومت اور اپوزیشن سمیت سب سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کرمشترکہ اور مضبوط موقف دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید،صاحبزادہ ابو الخیر زبیر،شیخ رشید احمد،لیاقت بلوچ، سردار عتیق احمد خاں،حافظ عبدالرحمان مکی،مولانا فضل الرحمان خلیل، اجمل خاں وزیر، محمد یعقوب شیخ اور مولانا یوسف شاہ نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور ان کے اتحادی وطن عزیز پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ دشمن ملک پاکستان سے اس کی ایٹمی قوت چھیننا چاہتے ہیں۔ پاکستان کی عزت اور وقار پر ہاتھ ڈالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن بھارت اور امریکہ اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے۔ افغانستان میں شکست کھانے والا امریکہ پاکستان کیخلاف کوئی بڑی سازش نہیں کر سکے گا۔ پاکستان کی طرف میلی نگاہ ڈالنے والوں کا انجام برا ہو گا۔ پاکستان ان شاء اللہ خطہ کی بڑی قوت بنے گا۔ا دفاع پاکستان کونسل ملک کے کونے کونے میں اتحاد کا علم بلند کررہی ہے۔ہم سب جماعتوں کو اکٹھا کریں گے مل کر دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔ بھارت کا سپر پاور بننے کا خواب پورا نہیں ہو گا۔جس نظریہ پر ملک بنایاگیا اسی کلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد ہو جائیں۔ فلسطین میں بہتا ہوا لہو امت مسلمہ کو مددکیلئے پکار رہا ہے۔ بیت المقد س کی آزادی کیلئے صلاح الدین ایوبی کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا، امریکہ، بھارت اور اسرائیل پوری دنیا کے امن کو تباہ کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کا مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کا حالیہ اعلان معمولی نہیں اس کے پیچھے یہودیوں کی سازش چھپی ہوئی ہے۔ امریکی صدر یہودیوں کی سازشوں کا آلہ کار بن رہا ہے۔ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرا ر دینا عالم اسلام کیخلاف کھلا اعلان جنگ ہے۔قبلہ اول کے تحفظ کیلئے مسلم امہ کا بچہ بچہ کٹ مرنے کیلئے تیار ہے۔امظلوم کشمیریوں کی ہر ممکن مددوحمایت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

دفاع پاکستان

مزید : صفحہ آخر