ٹرمپ کا 17جنوری کو سب سے کرپٹ جعلی میڈیا کو ایوارڈ دینے کا اعلان
واشنگٹن ( آن لائن ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’جعلی نیوز ایوارڈز‘ کا اعلان کیا ہے جو 17 جنوری کو دیا جائے گا۔امریکی صدر نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ان کی جانب سے17جنوری کو سب سے زیادہ کرپٹ اور جعلی میڈیا کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ٹرمپ نے کہا کہ دلچسپ اور اہم بات یہ ہے کہ یہ اس سے بھی زیادہ کے حق دار ہیں۔انہوں نے کہا جعلی خبریں دینے والے رپورٹرز کو نمایاں طور پر ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ٹرمپ کی جانب سے متعدد بار سی این این اور نیویارک ٹائمز سمیت دیگر اخبارات کوتنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ صدر بننے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے سب سے پہلے ٹی وی چینلز کو ہدف تنقید بنایا اور بڑے نیوز چینل سی این این کو 'جعلی نیوز چینل' قرار دیا، جس کے بعد سے آج تک چینل اور ٹرمپ کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔ٹرمپ نے صدر ہونے کے باوجود ٹوئٹر پر اپنی ایک پرانی ویڈیو جاری کی جس میں انہیں ریسلنگ رِنگ کے باہر دیکھا جاسکتا ہے، ٹرمپ اس ویڈیو کی مدد سے ٹی وی چینلز کو پیغام دینا چاہتے تھے کہ انہیں بھی اسی طرح منہ کی کھانا پڑے گی۔ٹرمپ کی اس حرکت کو دنیا بھر میں خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے یہیں پر اکتفا نہیں کیا بلکہ وقتاً فوقتاً اس قسم کی مزید ٹوئیٹس بھی کرتے رہے۔اس کے علاوہ امریکی صدر نے گزشتہ سال کے آغاز میں وائٹ ہاؤس کے سالانہ پریس ڈنر میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا۔ٹرمپ کے ہی دور حکومت میں سی این این، بی بی سی ،نیویارک ٹائمز،پولیٹیکو،لاس اینجلس ٹائمزاوربزفیڈ کو وائٹ ہاؤس کی معمول کی بریفنگ میں شرکت کرنے سے روکا گیا تھا۔
ٹرمپ