نیازی صاحب یوٹرن ، غلط بیانی اور جھوٹ بولنے کے ماسٹر : شہباز شریف

نیازی صاحب یوٹرن ، غلط بیانی اور جھوٹ بولنے کے ماسٹر : شہباز شریف

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ ا نسٹی ٹیوٹ کا اچانک دورہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے ادارے میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی،وہ ہسپتال کے او پی ڈی کے مختلف حصوں میں گئے ،ڈاکٹروں اورعملے سے گفتگو کی۔وزیراعلی فارمیسی میں بھی گئے اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا۔مریضوں نے ہسپتال میں شاندار طبی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بلاشبہ آپ نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے یہ شاندار ہسپتال بنایاہے۔ڈاکٹرو ں اور عملے نے وزیراعلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سٹیٹ آف دی آرٹ ادارے کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے رول ماڈل بن گیا ہے ،میں یہاں آکر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ شاندار انتظامات اور بہترین طبی سہولتیں دیکھ کر مجھے بہت مسرت ہورہی ہے اور یہ ادارہ ہیلتھ کے شعبہ میں گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ادارے میں گردے اور جگر کے ا مراض میں مبتلا غریب مریضوں کا علاج بالکل مفت ہو رہا ہے۔میں خود باقاعدگی سے یہاں آکر ہسپتال میں طبی سہولتوں کاجائزہ لے رہاہوں اور لیتا رہوں گا۔ دریں اثناء وزیراعلی شہبازشریف کی زیر صدارت پی کے ایل آئی میں اعلی سطح کا اجلاس منعقدہوا ،جس میں ادارے کے دوسرے مرحلے کے تعمیراتی کاموں اور طبی آلات کی تنصیب کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے دوسرے مرحلے پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے اور ہمیں اس مرحلے کو 23مارچ تک مکمل کرکے آپریشنل کرناہے ۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلما ن رفیق ، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پی کے ایل آئی ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر سعید اختر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔بعدازاں وزیراعلی محمد شہبازشریف نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خان صاحب اور ان کی جماعت پی ٹی آئی نے گزشتہ ساڑھے 4سالوں میں دھرنوں ، الزام تراشی او رجھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ہے۔الیکشن قریب ہے اس لئے اب انہیں فکر لاحق ہے کہ وہ کس منہ سے عوام کا سامنا کریں گے ۔

شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے سرگودھا کے علاقے بھلوال سے تعلق رکھنے والے مقتول بچے کے والد نذیر احمد نے ملاقات کی۔نذیر احمد نے کوٹ مومن کے جلسے میں وزیراعلیٰ پنجاب سے اپنے مقتول بچے کے حوالے سے انصاف کا مطالبہ کیا تھا، جس پر وزیراعلیٰ نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مقتول بچے کے والد کو لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر بلا لیا تھا۔وزیراعلیٰ نے مقتول بچے کے والد کو گلے لگایا اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے کیس کے شواہد کو بروقت پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نہ بھجوانے پر پولیس حکام کی سرزنش کی اورمتعلقہ ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور تفتیشی کو معطل کرکے ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے مقتول بچے کے والد کیلئے 10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔ وزیر اعلیٰ نے مقتول بچے کے والد نذیر احمدکو انصاف کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہآپ فکر نہ کریں، قانون کے مطابق آپ کو انصاف دلایا جائے گا ،دریں اثناء شہبازشریف سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن گئے اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی طاہر احمد سندھو کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ وزیراعلی نے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کی سماجی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعلی نے طاہراحمد سندھو کے بیٹوں اور دیگر اہل خانہ سے دکھ اور افسوس کا اظہارکیااور غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ شہبازشریف سے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کی سہولت کے لئے مختلف پراجیکٹس پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وفاقی وزیر اویس احمد لغاری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو آبادی کے تناسب سے زیادہ بجٹ مختص کرنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اعزاز ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے لئے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی ترجیحات میں اولین ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں میٹرو اور سپیڈو بسیں روزانہ لاکھوں مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ جنوبی پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ اپنی مثال آپ ہے۔ ’’پکیاں سڑکاں۔ سوکھے پینڈے‘‘ کے تحت ہزاروں کلومیٹر طویل دیہی سڑکوں کی تعمیر سے منڈی تک رسائی بہترہوگی۔100 ارب روپے کے کسان پیکیج سے کاشتکار خوشحال اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید :

صفحہ اول -