نوجوان کی فلاح و بہود اور فنی تربیت پر 3ارب روپے خرچ کئے ہیں : پرویز خٹک

نوجوان کی فلاح و بہود اور فنی تربیت پر 3ارب روپے خرچ کئے ہیں : پرویز خٹک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور ) پاکستان نیوز( وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نوجوانوں کی پارٹی ہے ۔موجودہ صوبائی حکومت نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے دیر پا اقدامات کئے ہیں۔ صوبے کی ہر تحصیل میں کھیلوں کے میدان بنائے گئے ہیں۔ نوجوانوں کی فنی تربیت کیلئے تین ارب روپے خرچ کئے اورصوبہ بھر میں فنی تربیتی مراکز قائم کئے گئے ۔کھیلوں کی سہولیات اور کھیلوں کا فروغ اگرچہ ضروری ہے اور صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں صوبائی اور ضلعی سطح پرمینجمنٹ کمیٹیاں بھی قائم کی ہیں تاہم نوجوان تعلیم کے حصول کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھیں اور والدین بچوں کی تعلیم وتربیت پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ ترقی اور خوشحالی کیلئے تعلیم سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے وہ قومیں جن کا تعلیم و تربیت کا نظام کمزور ہو وہ جدید چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ویلج کونسل پہاڑی کٹی خیل میں پلے گراؤنڈ کا افتتاح کرنے کے بعدحج محمد شہید میموریل ہارڈ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایم این اے ڈاکٹر عمران خٹک، ضلع ناظم لیاقت خٹک، حسین خٹک ، چیئرمین ویلج کونسل پہاڑی کٹی خیل حاجی سلیم خان ، نائب ناظم شاعر خان اور دیگر مقامی نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ نے ویلج کونسل میں نئے تعمیر شدہ پلے گراؤنڈ کا باضابطہ افتتاح کیا اور اُس گراؤنڈ میں منعقدہ ہارڈ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے فاتح اور رنر اپ ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے فاتح ٹیم کیلئے 30 ہزار روپے ، رنر اپ ٹیم کیلئے 20 ہزا ر روپے اور آرگنائزنگ کمیٹی کیلئے 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے مذکورہ گراؤنڈ کو حج محمد خان شہید کے نام سے موسوم کرنے کی بھی منظوری دی۔وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی حکومت نوجوانوں کی فلاح اور کھیلوں کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔صوبہ بھر میں کھیلوں کے معیاری مقابلوں کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے صوبائی اور ضلع کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ اُنہوں نے پہاڑی کٹی خیل کی مقامی کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کی سطح پر کمیٹی سے رابطہ رکھیں تاکہ یہاں کے نوجوان بھی مقابلوں میں حصہ لینے کے قابل ہو سکیں۔ وزیراعلیٰ نے نوجوانوں سے کہاکہ وہ صوبائی حکومت کے شروع کردہ فنی تربیتی پروگرام سے مستفید ہونے کیلئے محکمہ اُمور نوجوانان سے رابطے میں رہیں۔ صوبائی حکومت وسیع پیمانے پر پیشہ وارانہ تربیت کا اہتمام کر رہی ہے ۔تربیتی معیار کو یقینی بنانے کیلئے بیشتر ٹیکنکل مراکز ایئر فور س کو دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دیگر تمام فلاحی اقدامات اپنی جگہ اہمیت رکھتے ہیں مگر تعلیم سب سے اول ہے اور ہماری ترجیحات میں سب سے پہلے ہونی چاہیئے ۔اُنہوں نے کہاکہ کچھ عرصہ پہلے خیبرپختونخوا میں تعلیمی حالات بہت برے تھے سرکاری تعلیمی اداروں سے عوام کا اعتما داُٹھ چکا تھا مگر آج اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ عوام میں تعلیم کا رجحان بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ہم نے تعلیمی اداروں کا معیار بلند کیا ، سہولیات دیں اور این ٹی ایس کے ذریعے شفاف بھرتیوں کا عمل شروع کیا ۔70 ہزار سے زائد بھرتیاں این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر عمل میں لائی گئی ہیں ۔ پرویز خٹک نے کہا کہ آج ہر شعبے اور ہر میدان میں سخت مقابلہ ہے ، مقابلے کی اس دوڑ میں شامل ہونے کیلئے غریب عوام کو اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینا ہو گی صرف تعلیم ہی ایسا خزانہ ہے جو امیر اور غریب کے درمیان فرق ختم کر سکتا ہے۔