تخت بھائی ،ای پی آئی کا کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا 4 روز کے لئے موخر

تخت بھائی ،ای پی آئی کا کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا 4 روز کے لئے موخر

تخت بھائی(نامہ نگار) ای پی آئی ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ نے تحریک انصاف کے مرکزی چیئرمین عمران خان سے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا 4دن کے لیے موخر کر دیا۔ مظاہرین گزشتہ 9دن سے بنی گالہ میں دھرنا دیے ہوئے تھے ۔تخت بھائی میڈیا کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ای پی آئی ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ کے صدر نصیر خان نے بتایا کہ صوبہ بھر کے ای پی آئی ڈپلومہ ہولڈرز نے ای پی آئی کی خالی آسامیوں پر میڈیکل ٹیکنیشنز کی بھرتی کے خلاف بنی گالہ میں گزشتہ 9روز سے دھرنا دیا ہوا تھا جو تحریک انصاف کے مرکزی چیئرمین عمران خان کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد ختم کر دیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ عمرا ن خان نے یقین دہانی کرائی کہ عنقریب وہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک اور وزیر صحت شہرام ترکئی سے رابطہ کر کے مذکورہ خالی پوسٹوں پر ای پی آئی ڈپلومہ ہولڈرز کی بھرتی یقینی بنائینگے جس پر ای پی آئی ایسوسی ایشن نے 4دن کے لیے احتجاج موخر کر دیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اگر 4دن کے اندر اندر ان کے مطالبات حل نہ کیے گئے تو ای پی آئی ایسو سی ایشن بنی گالہ اسلام آباد میں دوبارہ دھرنا دیگی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر