سابق میئر ارباب محمد طارق اور سابق رکن صوبائی اسمبلی عاطف الرحمن کی ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق

سابق میئر ارباب محمد طارق اور سابق رکن صوبائی اسمبلی عاطف الرحمن کی ضمانت ...

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور کی مقامی عدالت نے پشاور کے سابق میئر ارباب محمد طارق اور سابق رکن صوبائی اسمبلی عاطف الرحمن کی ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق کر دی ‘ ایڈیشنل سیشن جج عالیہ سعدیہ لودھی نے الطاف خان اور بیرسٹر عامر اللہ چمکنی کی وساطت سے دائر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں کی سماعت کی ‘ ملزمان کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ اس کے موکلوں کے کیخلاف پولیس سٹیشن تہکال میں مختلف افراد نے شناختی کارڈ فارم کی غلط تصدیق کے مقدمات درج کئے گئے ہیں اور نادرا حکام کا موقف ہے کہ درخواست گزاروں نے افغان مہاجرین کے شناختی کارڈوں کی تصدیق کی ہے حالانکہ جس تاریخ کو یہ مقدمات درج کئے گئے ہیں اس کاسرے سے ریکارڈ ہی موجود نہیں ‘ اس کے ساتھ ساتھ درخواست گزار باعزت شہری اور پشاور کے سابق میئر و رکن صوبائی اسمبلی ہیں ‘ اس کے ساتھ ساتھ ریکارڈ پر کہیں بھی یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ اس مقدمے میں ملوث نادرا اہلکاروں کیخلاف بھی کارروائی کی گئی ہے عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق کر دی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر