میڈیا کے تعاون سے کشمیرمیں سیاحت کوفروغ دینگے،مدحت شہزاد

میڈیا کے تعاون سے کشمیرمیں سیاحت کوفروغ دینگے،مدحت شہزاد

  

مظفرآباد (بیورورپورٹ)آزاد کشمیر کی سیکرٹری اطلاعات ؍سیاحت وآئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ اور میڈیا کی ترقی کیلئے صحافیوں کی مشاورت سے اصلاحات کی جائیں گی۔میڈیا کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن قائم کریں گے ۔ریاست اور آزادحکومت کی امیج بلڈنگ کے لئے بھر پور اقدامات کیے جائیں گے۔تحریک آزادی کشمیر کو الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔ریاستی اور غیر ریاستی میڈیا کیلئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی تمام ضروریا ت کو پورا کیا جائے گاالبتہ خبر دینے والی برادری کو بھی بغیر تحقیق کے خبر دینے میں عجلت سے کام لینے سے اجتناب کرنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مظفرآباد سے تعلق رکھنے والے سنئر صحافیوں واحد اقبال بٹ،جاوید اقبال ہاشمی ،امتیاز اعوان،اسلم میر ،راجہ شوکت،اقبال میر اور دیگر سے ملاقا ت کے دوران کیا اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد بشیر مرزابھی موجود تھے۔سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ آزاد کشمیر کے میڈیا کو دیگر صوبوں کے برابر سہولیات فراہم کی جائیں گی آزادکشمیر میں میڈیا کی ترقی اور اس کو میعاری بنانے کاویژن لے کر آئی ہوں تاکہ ہماری آواز پو ری دنیا تک پہنچ سکے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی میڈیا کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے اقدامات کرے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کو آگاہی حاصل ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ آزا دکشمیر میں سیاحت کے شعبہ میں وسیع پوٹینشل موجود ہے جسکو بروئے کار لاکر ریاستی معیشت میں بہتری لائی جاسکتی ہے انہوں نے کہا کہ آزا دکشمیر میں صحافت کی ترقی اور اس کے بامقصد فروغ کیلئے آزا د جموں وکشمیر یونیورسٹی کو جرنلزم کا شعبہ شروع کرنا چاہیے جس کے لیے یونیورسٹی سے رابطہ کریں گے اور معاونت فراہم کریں گے تاکہ یہاں پر کوالٹی جرنلزم کو فروغ حاصل ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نمائندگان تعاون کریں تاکہ حکومتی اقدامات کو عوام کے سامنے لایا جاسکے اور اصلاح واحوال ہوسکے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -