مہاجر اختلافات کے بجائے حقوق کیلئے متحد ہوجائیں،سلیم حیدر

مہاجر اختلافات کے بجائے حقوق کیلئے متحد ہوجائیں،سلیم حیدر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر قائدین آپس کے اختلافات کے بجائے مہاجر حقوق کیلئے متفق ہوں۔ جدوجہد کیلئے متحد ہوجائیں تاکہ مہاجروں کے دیرینہ مسائل حل کروائے جاسکیں۔ وہ ملیر ، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، نیوکراچی اور دیگر علاقوں کے کارکنان کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر MIT کے جنرل سیکریٹری ندیم مرزا، فرید خان اور راشد قریشی نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ مہاجر قوم کو تاریخ اور بند گلی سے نکلنے کیلئے مہاجر جماعتوں کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی۔ مہاجر دانشور، ادیب ، صحافی، وکلاء، ڈاکٹرز پر بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کی رہنمائی کریں تاکہ مہاجروں کو مایوسی اور مشکلات سے نکالا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کے شہری علاقے متعصب حکمرانوں کی مہاجر دشمنی کے سبب موہنجودڑو کی شکل اختیار کرتے جارہے ہیں۔ ایک طرف حکومت مہاجر نوجوانوں کو ملازمت اور تعلیم سے دور کئے ہوئے ہیں دوسری جانب سول سروسز میں موجود مہاجر افسران کو سائٹ لائن کردیا گیاہے۔ کراچی میں اندرون سندھ کے بدنام ، متعصب اور کرپٹ افسران کو لاکر لگایا گیا ہے جو کراچی اور حیدرآباد کے وسائل کو لوٹ کر یا تو ملک سے باہر بھیج رہے ہیں یا اپنی جائیدادیں بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کراچی کو تباہ وبرباد کرنے کے درپے ہے ، یہی وجہ ہے کہ بلدیاتی اداروں کو فنڈز جاری نہیں کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اپنے علاقوں میں تنظیمی کام کو تیز کردیں تاکہ آنے والے انتخابات میں MIT مثبت اور بہتر نمائندے عوام میں لاسکیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر