کراچی ،رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں ،6ملزمان گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر)پاکستان رینجرزسندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیوایم لندن کے کارندوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیاہے۔گرفتارملزمان سے اسلحہ بھی برآمدہواہے،ملزمان مختلف جرائم میں ملوث ہیں۔رینجرزترجمان کے مطابق رینجرز نے مدینہ کالونی اور سعید آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان عتیق احمد،نوید ، محمود احمد اور عبدالسلیم کو گرفتار کرلیاہے۔گرفتارملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے۔ ملزمان بھتہ خوری، زمینوں پر قبضے اور جعلی دستاویزات تیار کرنے سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔رینجرزنے نارتھ ناظم آباد اور شاہ فیصل کے علاقوں میں کارروائیوں کے دوران2 ملزمان اشفاق علی اور دانیال ناصر کو گرفتارکر لیاہے۔ ملزمان گاڑی، موٹرسائیکل، موبائل چوری اور ڈکیتی کے ساتھ ساتھ جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اورمسروقہ سامان بھی بر آمد ہواہے۔ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔