وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا نواب ثنا اللہ زہری کو مستعفی ہونے کا مشورہ

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا نواب ثنا اللہ زہری کو مستعفی ہونے کا مشورہ
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا نواب ثنا اللہ زہری کو مستعفی ہونے کا مشورہ

  


اسلام آباد / کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری کو مستعفی ہونے کا مشورہ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور ناراض ارکان کو منانے کی کوششیں کیں تاہم مسلم لیگ ن کے ارکان نے ان سے ملاقات سے بھی انکار کردیا۔ مسلم لیگ ن کے ناراض ارکان نے وزیر اعظم کو پیغام بھجوایا کہ ایک ایسے وقت میں جب وہ تحریک عدم اعتماد پیش کرچکے ہیں ایسے میں ان سے ملاقات کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سیاسی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد نواب ثنا اللہ زہری کو مستعفی ہونے کا مشورہ دے دیا اور کہا کہ جب اپنے ارکان ہی ساتھ نہیں ہیں تو حکومت بچانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پارٹی صدر میاں نواز شریف سے مشاورت کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ خدشہ ہے کہ اگر وہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے مستعفی نہیں ہوتے تو صوبے میں ہارس ٹریڈنگ کا عمل شروع ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے سلسلے میں آج (منگل کو) شام 4 بجے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ قوی امکان ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف بھاری اکثریت کے ساتھ تحریک عدم اعتماد منظور کرلی جائے گی۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی /سیاست /علاقائی /بلوچستان /کوئٹہ