ملکی زر مبادلہ کم ہونے کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے: محمد اعجاز الحق
جدہ (محمد اکرم اسد) ملک اقتصادی تباہی کی طرف جارہا ہے,زرمبادلہ کم ہوچکا ہے ,برآمدات کم ہو گئی ہیں جبکہ درآمدات بڑھ گئی ہیں جسکی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔یہ بات سابق وزیر اور مسلم لیگ ض کے صدر محمد اعجاز الحق نے کہی۔
وہ جدہ میں پاکستان بزنس فورم کے چئیرمین مسعود احمد پوری اور صدر ابوبکر میمن کے ظہرانے میں صحافیوں سے گفگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ کرپشن کو فروغ دینے کیلئے ملک میں ایسے پراجیکٹ شروع کئے جاتے ہیں جس میں کمیشن زیادہ ہو۔شوکت عزیز کے زمانے میں آئی ایم ایف سے چھٹکارہ مل گیا تھا مگر اب سوتے جاگتے ہم آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی طرف دیکھتے ہیں ہم پہلے ہی روپے کی قیمت گرا چکے ہیں ڈالر 119 روپے کا ہے ۔حالات بتا رہے ہیں کہ ڈالر 130 تک پہنچ جائے گا ہماری کرنسی بنگلہ دیش، بھارت ، افغانستان سے بھی نیچے گر چکی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اعجاز الحق نے کہا کہ سب کی خواہش ہے انتخابات وقت پر ہوں مگر ابھی تک شک ہے کچھ جماعتیں سینٹ سے قبل ملک میں ہلہ گلہ چاہتی ہیں ۔پرامن انتخابات کیلئے نیا نواز شریف کو اپنی ہی حکومت میں حزب اختلاف کا کردار ادا کرنے سے باز رہنا ہوگا۔اداروں سے لڑائی کسی کے حق میں نہیں۔سیاست دانون کو اپنے بل بوتے انتخاب لڑنا ہوگا۔ پیشہ ور افواج جو دہشت گردوں سے جنگ میں مصروف ہے وہ ملک کے ا ندر پر امن ماحول چاہتی ہے۔ اعجاز الحق نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا جسے یہ بھی معلوم نہیں کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ملکی معیشت اور جانوں کا نذرانہ دے رہا ہے وہ چند ٹکڑوں کیلئے پاکستان پر الزام لگا رہا ہے دراصل اسوقت ٹرمپ کے منہ میں بھارت کی زبان ہے۔