کاروبار کیلئے پرعزم ہونا ملک و قوم کی بڑی خدمت ہے‘ ماہرین

کاروبار کیلئے پرعزم ہونا ملک و قوم کی بڑی خدمت ہے‘ ماہرین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس ڈیسک) نیا کاروبار شروع کرنا اور اس کو ترقی دینے کے لیے پرعزم ہونا نہ صرف ایک کاروباری شخص کی اپنی فتح بلکہ ملک و قوم کی بہت بڑی خدمت بھی ہے کیونکہ اس سے ریاست کو محاصل ملتے اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد اور کنوینر سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی کنوینر سعدیہ رانا نے لاہور چیمبر میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر معاذ الحسن، چودھری سلطان محمود، فرحان خان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی بڑی تعداد سیمینار میں شریک تھی۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ پاکستان میں موزوں ماحول یقینی بناکر کاروباروں کو تیزی سے ترقی دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جدت کاروباری ترقی کی ضمانت ہے، بالخصوص نوجوان تاجروں کو اس جانب خصوصی توجہ دینی اور دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیے، لاہور چیمبر سیمینارز اور ورکشاپ کے ذریعے اس سلسلے میں شعور و آگہی پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ عالمی سطح پر کاروباری شعبے میں سخت مقابلہ ہے، پاکستانی تاجروں کو جدت سے لیکر مارکیٹنگ تک ہر پہلو پر خاص توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جو ممالک پچاس سال قبل ہم سے کہیں پیچھے تھے وہ بہت آگے نکل چکے ہیں، کاروباری شعبوں کو ترقی دیکر ہی پاکستان بھی معاشی استحکام کا خواب پورا کرسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ پاکستان کی ساٹھ فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اگر اس میں سے پچیس فیصد بھی کاروباری شعبے میں قدم رکھ دیں تو معاشی انقلاب رونما ہوسکتا ہے۔ سٹینڈنگ کمیٹی کی کنوینر سعدیہ رانا نے کہا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر، زراعت اور قدرت وسائل کے شعبوں میں بہت پوٹینشل ہے، حکومت بھی نوجوانوں کو کاروباری شعبے کی طرف راغب کرنے کی خواہشمند ہے۔ا نہوں نے نوجوان تاجروں پر زور دیا کہ وہ کاروباری شعبے میں قدم رکھتے ہوئے مصنوعات کے معیار پر خصوصی توجہ دیں۔

مزید :

کامرس -