کشمیریوں کی خودمختاری اور جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے: منیر اکرم 

      کشمیریوں کی خودمختاری اور جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے: منیر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نیویارک (این این آئی)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی جارحیت اور قبضے کے خاتمے تک کشمیری عوام کی خودمختاری اور تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔ وہ اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرارداد کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔تقریب میں پاکستان، کشمیر اور اقوام متحدہ کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔ تقریب میں اقوام متحدہ میں اسلامی تعاون تنظیم اور آذربائیجان کے سفارتکاروں نے بھی خطاب کیا۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت 7 دہائیوں سے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف وزری کرتے ہوئے قبضے اور جبر سے کشمیریوں کو ان کے حقوق دینے سے انکار کر رہا ہے، انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال تاریخ کی بدترین صورتحال ہے جہاں لوگ زندگی گزارنے، خوراک، صحت، آزادی اظہار، مذہبی آزادی و خودمختاری سمیت اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں خواتین اور بچوں کی مشکلات ناقابل بیان حد تک بڑھ چکی ہیں، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارتی جارحیت کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیر کودنیا کے سب سے بڑے عسکری علاقے میں تبدیل کردیا ہے، پاکستان جموں و کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف اقوام متحدہ کے تمام فورمز پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا، کشمیری عوام کی خودمختاری ناقابل تغیر اور کشمیر ہمارا خون ہے، ہم کشمیریوں کی آزادی اور بھارتی قبضے کے خاتمے تک کوششیں کرتے رہیں گے۔ منیر اکرم نے کہا کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ بڑھائے کہ وہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کیلئے غیرقانونی اقدامات کو روکے،کرفیو اٹھائے،کشمیری رہنماؤں کو رہا اور مواصلاتی نظام بحال کرے،کشمیر میں بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس کے اعدادوشمار جاننے کیلئے عالمی ادارے کے مشن کو رسائی کی اجازت اور کشمیری عوام کو پرامن احتجاج کے حق کی اجازت دے۔ اقوام متحدہ میں آذربائیجان کے سفارتکار یاشر علی نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کا موقف بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اسلامی تعاون تنظیم کے فیصلے کی ترجمانی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کیلئے کوششیں کرے جو امن و استحکام اور خطے کی ترقی کیلئے اہم ہے اور ہمیں گزشتہ سال سے جموں کشمیر کی مزید خراب صورتحال پر فکر ہے۔ تقریب میں اسلامی تعاون تنظیم کے سفارتکار اگشن مہدیوف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ان کی تنظیم کی اولین ترجیح ہے، اسلامی تعاون تنظیم کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حیثیت اور اس کے حتمی رجحان کے بارے میں یو این ایس سی کی قراردادوں کی توثیق کرتی ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ او آئی سی اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے صحیح اعدادوشمار کو مانیٹر کرنے کیلئے رسائی دے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکے۔ تقریب میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی جارحیت کیساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مسئلہ کشمیر پر تاریخی اجلاسوں پر مبنی تصویری نمائش بھی منعقد ہوئی۔
منیر اکرم

مزید :

صفحہ آخر -