سرکاری بل پر سابقہ حکمران پارٹیوں نے اصولوں کی بجائے اپنی مجبوریوں کو ووٹ دیا: سراج الحق 

  سرکاری بل پر سابقہ حکمران پارٹیوں نے اصولوں کی بجائے اپنی مجبوریوں کو ووٹ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور)نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سرکاری بل پر سابقہ حکمران پارٹیوں نے اصولوں کی بجائے اپنی مجبوریوں کو ووٹ دیا۔ جماعت اسلامی نے ملکی تاریخ کے اہم موقع پر درست سمت میں کھڑے ہو کر اصولوں کا ساتھ دیا۔ بل کی حمایت کرنے والی موجودہ و سابقہ حکمران پارٹیاں قومی ایشوز اور عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے کیوں ایک نہیں ہوتیں۔ہمارے سینیٹرمشتاق احمد خان کو ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں نہ بلانا قابل افسوس اور قواعد و ضوابط کی سخت خلاف ورزی ہے۔ بلوچستان کو حقوق سے محروم رکھ کر پاکستان کو کمزور کیا گیا۔وفاق نے ہمیشہ بلوچستان کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کیااور ایسی قیادت مسلط کی جس نے کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے اور میرٹ کی دھجیاں بکھیریں۔قلات نے قیام پاکستان کے وقت بڑی قربانیاں دیں۔ریاست قلات کے حکمران نے پاکستان کیلئے اپنے خزانوں کا منہ کھول دیا اور اپنے سونے اور چاندی کے ذخائر پاکستان کیلئے وقف کردیئے مگر پاکستان پر مسلط حکمران ٹولے نے ان قربانیوں کا قلات کے عوام کو اب تک کوئی صلہ نہیں دیا۔ قلات میں پانی کا لیول ایک ہزار فٹ تک نیچے چلاگیا ہے اور لوگ پانی کیلئے ہجرت کرنے پر مجبور ہیں،علاقے میں چار ہزار آٹھ سو ڈیمز بنانے کی فزیبلٹی موجود ہونے کے باوجود حکومت سوئی ہوئی ہے اور کچھ کرنے کو تیار نہیں۔سوئی گیس ملک کے ہر کونے تک پہنچ گئی ہے مگر جہاں سے یہ گیس نکل رہی ہے وہاں کے سینکڑوں علاقے آج بھی اس سے محروم ہیں۔ آغاز حقوق بلوچستان پیکیج پر بھی عملدرآمدنہیں ہوا، حکمرانوں نے معافیاں تو مانگیں مگر آج تک اپنا کوئی وعدہ پورانہیں کیا۔ بلوچستان کے ہزاروں لاپتہ افراد کا آج تک کوئی سراغ نہیں مل رہا۔جماعت اسلامی بلوچستان کے حقوق کیلئے سینیٹ اور قومی اسمبلی سمیت ہر جگہ آواز اٹھائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے معززین قلات اور سوراب کے ساتھ ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبد الحق ہاشمی بھی موجودتھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جسے مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔بلوچستان کی پسماندگی اور چاروں طرف پھیلی ہوئی غربت کو دیکھ کر یہاں کے عوام کی محرومیوں پر دل کڑھتا ہے مگر وفاقی و صوبائی حکومتوں نے صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔
 سراج الحق 

مزید :

صفحہ آخر -