حکومت اور اپوزیشن آئندہ بھی پاکستان کے بہترین مفاد میں مل کر فیصلے کریں گے: فردوس عاشق
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملکی و قومی مفاد میں تمام سیاسی جماعتیں اکٹھی ہیں، آرمی ایکٹ کی سینیٹ سے کثرت رائے سے منظوری سے پلاکستان مخالف قوتوں کو موثر جواب ملاہے، حکومت اوراپوزیشن آئندہ بھی پاکستان کے بہترین مفاد میں مل کر فیصلے کریں گی، دونوں متحد ہوکر پاکستان کو مضبوط بنائیں گے، سیاسی محاذ پر نوک جھونک جمہوریت کا حسن ہوتا ہے، اپوزیشن اچھی تجویز دے گی تو اس پر حکومت عملدرآمد کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹر شبلی فراز اور سینیٹر فیصل جاوید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر شبلی فراز اور فیصل جاوید نے بھی اپوزیشن کے کردار کی تعریف کی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سینیٹ میں آرمی ایکٹ میں ترامیم کے بل کی کثرت رائے سے منظوری سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ جب بھی ملک پر کوئی مشکل وقت آتا ہے تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم اکٹھی ہو جاتی ہے اور پاکستان کی مخالف قوتوں کو متحد ہو کر موثر جواب دیتی ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ قومی یکجہتی کی فضاء اس طرح آگے بڑھے گی۔ایک سوال پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں خطے میں بدلتے حالات کے پیش نظر اس بات پر متفق ہیں کہ ہم سب نے ملک آگے لے کر چلناہے۔ ہم پرامید ہیں یہی اپوزیشن پاکستان کے وسیع تر مفاد میں حکومت کو ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفاد میں ہم مل کر فیصلے کریں گے اور پاکستان کو مضبوط بنائیں گے۔سینیٹر شبلی فراز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام پارلیمان جماعتوں نے اتحادواتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے آرمی ایکٹ پاس کرلیا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ خطے کے موجودہ حالات میں ہمارے قانون میں جو سقم تھا وہ موجود ہ پارلیمنٹ نے دور کردیا اور اس پر تمام سیاسی جماعتوں نے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی قومی معاملات پر ہم متحد رہیں گے۔سینیٹر فیصل جاوید نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی قوم مفاد کی ترامیم تھی جسے اتحادواتفاق سے سب نے منظور کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں حکومت کی اکثریت نہیں ہے مگر اس کے باوجود آرمی ایکٹ کا کثرت رائے سے منظور ہونا بہت بڑی کامیابی ہے اور یہ 2020ء کا اچھا آغاز ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اپوزیشن اسی طرح اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ قومی اور عوامی مفاد کے تمام بلز اسی طرح منظور کرنے میں اپوزیشن ہمارا ساتھ دے گی۔قبل ازیں ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ پرتمام سیاسی قوتوں کا اتحاد جمہوری روایات کا آئینہ دارہے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ پاکستان دشمن قوتوں کیلئے واضح پیغام ہے۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی قوم اہم معاملات اور قومی مفاد کے تحفظ کیلئے متحد ہے، خطے کی صورتحال اورپاکستان کے مفاد میں ہمیں ہم آہنگی اور یکجہتی کی فضا کو مزید آگے بڑھانا ہے۔
فردوس عاشق اعوان