نیب مضاربہ، مشارکہ مقدمات منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم: جاوید اقبال 

      نیب مضاربہ، مشارکہ مقدمات منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم: جاوید ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آن لائن) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ مضاربہ،مشارکہ مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے میرٹ، شفافیت، شواہد اور قانون کے مطابق مؤثر پیروی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹرز میں مضاربہ مقدمات کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں بتایا گیا نیب راولپنڈی نے متعلقہ احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 30 ریفرنس دائر، 644.877837 ملین روپے برآمد کئے گئے ہیں، منجمد کردہ اثاثوں کی مالیت 1646.5 ملین روپے ہے جبکہ مفتی احسان الحق، مفتی ابرار الحق، حافظ محمد نواز، معین اسلم، عبید  اللہ، مفتی شبیر احمد عثمانی، سجاد احمد، آصف جاوید، غلام رسول ایوبی، محمد حسین احمد، حامد نواز، محمد عرفان، بلال خان بنگش، مطیع الرحمن، محمد نعمان قریشی، سیّد عکشید حسین، محمد عادل بٹ، محمد ثاقب، عمیر احمد، عقیل عباسی، مفتی حنیف خان، نذیر احمد ابراہیم اور سیف اللہ سمیت 45 ملزموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا احتساب عدالت اسلام آباد میں مضاربہ کیس میں نجم الدین اور غلام رسول کو 14 سال قید اور 67 ملین روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ ملزمان نجم الدین اور غلام رسول ایوبی کیخلاف تمام الزامات سچ ثابت ہوئے ہیں۔ ملزمان کو نیب راولپنڈی نے مضاربہ سکینڈل میں اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر بڑے پیمانے پر عوام سے دھوکہ کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔احتساب عدالت نے دونوں ملزمان کی پراپرٹی بھی ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔ نیب راولپنڈی نے چیف ایگزیکٹو آفیسر میسرز فیاضی گروپ آف انڈسٹریز مفتی احسان الحق اور دیگر 9 ملزمان کو 10 سال قید اور ایک ارب روپے جرمانہ کی سزا سنائی، یہ نیب کی تاریخ کی سب سے زیادہ سزا ہے۔ نیب راولپنڈی کے ایک اور ریفرنس میں چیف ایگزیکٹو آفیسرمیسرز فیاضی گروپ آف انڈسٹریز مفتی احسان الحق اور دیگر 9 ملزمان کو احتساب عدالت اسلام آباد نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مجرم ٹھہرایا ہے۔احتساب عدالت اسلام آباد میں نیب راولپنڈی نے جامع اور ٹھوس شواہد پیش کئے۔ نیب راولپنڈی نے بدعنوانی اور اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر عوام سے دھوکہ دہی سے 95.52 ملین روپے لوٹنے کے الزامات پر مضاربہ کیس میں چیف ایگزیکٹو آفیسراسلامک انویسٹمنٹ محمد نذیر اور دیگر ملزمان کیخلاف احتساب عدالت راولپنڈی میں بدعنو ا نی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔نیب راولپنڈی نے مضاربہ کیس میں بدعنوانی اور اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر عوام سے دھوکہ دہی سے 48.410 ملین روپے لوٹنے کے الزامات پر بلا ل ٹریڈنگ کارپوریشن کے محمد بلال اور دیگر ملزمان کیخلاف احتساب عدالت راولپنڈی میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔ نیب راولپنڈی نے مضاربہ کیس میں بدعنوانی اور اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر عوام سے دھوکہ دہی سے 5.95 ملین روپے لوٹنے کے الزامات پر چیف ایگز یکٹو آفیسرالجزیرہ انٹرنیشنل محمد یاسر اور دیگر ملزمان کیخلاف احتساب عدالت راو لپنڈی میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔نیب راولپنڈ ی نے مضاربہ کیس میں بدعنوانی اور اسلامی سرمایہ کاری کے نام پر عوام سے دھوکہ دہی سے 25.02 ملین روپے لوٹنے کے الزامات پر چیف ایگزیکٹو  آفیسر میسرز البراکہ مارکیٹنگ کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر ملزمان کیخلاف احتساب عدالت راولپنڈی میں بدعنوانی کا ریفر نس دائر کیا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا نیب مضاربہ،مشارکہ مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے نیب کے تمام افسران و اہلکاران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مضاربہ،مشارکہ سکینڈلز کے بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم کی وصولی کیلئے بھرپور کوششیں کریں۔ چیئرمین نیب نے یہ بھی ہدایت کی کہ مضاربہ،مشارکہ سکینڈلز کے متاثرین سے لوٹی گئی رقم انہیں واپس دلانے کیلئے مضاربہ،مشارکہ مقدمات کی میرٹ، شواہد اور قانون کی بنیاد پر مؤثر پیروی کی جائے۔
چیئرمین نیب 

مزید :

صفحہ اول -