پی اے سی ذیلی کمیٹی،بڑے مقدمات پر بریفنگ دینے کیلئے چیئرمین نیب طلب
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے بڑے مقدمات پر بریفنگ دینے کیلئے چیئرمین نیب کو طلب کر لیا ہے۔کمیٹی کا اجلاس کنوینئر نور عالم خان کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کی خاتون رکن شاہدہ اختر علی سمیت چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز، سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال، سیکرٹری موسمیاتی تغیرات، آڈٹ، ایف آئی اے اور نیب حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وفاقی محتسب، اسلامی نظریاتی کونسل، الیکشن کمیشن اور وزارت موسمیاتی تغیرات کے مال سال 16/17 اور 17/18 کے اکاؤنٹس کی تفصیلات پیش کی گئیں۔کنوینرکمیٹی نے وزارت خزانہ کے حکام کو ہدایت کی کہ صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں اور دفاع کے محکموں کو فنڈز کے اجرا میں کسی صورت تاخیر نہ کی جائے کیونکہ یہ تمام ادارے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔نور عالم خان نے کمیٹی کی جانب سے بھجوائے گئے بڑے بڑے کیسوں سے متعلق استفسار کیا تو ڈائریکٹر نیب نے بتایاکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے نیب کو 212 اعتراضات کی تفتیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جس میں 42 اعتراضات کی تفتیش مکمل کرکے اسے نمٹا دیا گیا ہے، 58 آڈٹ اعتراضات پر ریفرنس دائر کیا گیا ہے جبکہ 24 آڈٹ اعتراضات کی انکوائریاں جاری ہیں۔اس موقع پر آڈٹ حکام نے بتایا کہ آڈٹ اعتراضات کے بارے میں اے جی پی آر اور آڈٹ حکام کے بیانات کی ضرورت ہے۔اس موقع کمیٹی نے نیب کو بھجوائے گئے بڑے بڑے مقدمات پر چیئرمین نیب کو بریفنگ کیلئے طلب کر لیا۔
پی اے سی کمیٹی