زندگی میں سب سے اہم جذبہ محبت، بانٹتے رہنا چاہیے، ڈاکٹر جاوید اقبال

  زندگی میں سب سے اہم جذبہ محبت، بانٹتے رہنا چاہیے، ڈاکٹر جاوید اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)زندگی میں سب سے اہم محبت کا جذبہ ہے۔محبت کا تعلق خود انسان کے اپنے ساتھ ہوتا ہے۔جوں جوں انسان اپنے اندر محبت کو جگہ دیتا ہے وہ سراپا محبت بن کر دوسروں میں محبتیں بانٹنے لگ جاتا ہے۔اس لیے محبت کی سطح کو بڑھاناضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے بطور پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج بہاولپور اپنی ریٹائرمنٹ پر اپنے اعزاز (بقیہ نمبر32صفحہ12پر)

میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر انسان کو کوئی فیصلہ کرتے ہوئے کسی طمع اور لالچ کو پیش نظر نہیں رکھنا چاہیے۔کسی کیخلاف کینہ اور بغض سے دور رہے اور اللہ کی مخلوق کا احترام کرے۔انہوں نے کہا کہ ملازمت سے ریٹائرمنٹ اتنا اہم نہیں جتنا دوستوں نے یہ تقریب منعقد کر کے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔جس کیلئے میں ان شکر گزار رہوں گا۔قبل ازیں معروف شاعر پروفیسر ڈاکٹر منیر اظہر چوہدری نے اپنے دیرینہ دوست کے بارے میں تفصیلی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر جاوید اقبال ایک ہمہ جہت شخصیت ہیں جنھوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں قابلیت اور اہلیت کے اعلیٰ معیار قائم کر نام کمایا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ شاعری میں بھی اپنا الگ مقام بنایا ہے۔ انہوں نے تمام تر اوصاف کو انسانیت کیلئے وقف کر رکھا ہے۔ممتاز سماجی رہنما فاروق احمد خان نے کہاکہ ڈاکٹر جاویداقبال ایک عظیم انسان ہیں جو انسانی ہمدردی کے جذبہ سے سرشار ہیں۔ان کیساتھ محبت کا جو رشتہ قائم ہے وہ جاری و ساری رہے گا۔اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر جنرل بہاولپور ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ وہ ڈاکٹر جاوید اقبال کے شاگرد رہے ہیں اور وہ ایک اچھے استاد اور محبت کرنے والے انسان ہیں۔سینئر براڈکاسٹر ریڈیو پاکستان بہاولپور عمران جاوید نے کہا کہ ڈاکٹر جاوید اقبال کو دنیا بھر میں جانا پہچانا جاتا ہے۔ہمارے لیے ڈاکٹر جاوید اقبال کے عہد میں زندہ رہنا بہت بڑا اعزاز ہے۔وہ ہم سے پیار کرتے ہیں اور ہم ان سے پروفیسر ڈاکٹر شہزاد رانا نے کہا کہ اگر کسی نے ہمہ جہت شخصیت دیکھنی ہو تو وہ ڈاکٹر جاوید اقبال کو دیکھے۔ رضیہ ملک نے کہا کہ ڈاکٹر میرے لئے ایک بھائی کا درجہ رکھتے ہیں اور بے شمار خوبیوں کے مالک ہیں۔ڈاکٹر جاوید اقبال کے فرزند ڈاکڑ احمد نے کہا کہ بطور والد بہت شفیق مگر بحیثیت باس تھوڑے سخت ہیں۔دوسرے فرزند نے بتایا کہ مجھے اپنے والد پر فخر ہے جن کو اتنے لوگ محبت کرتے ہیں۔اس موقع پر ایم پی اے شاہ محمد جوئیہ،سابق اٹارنی جنرل ہائیکورٹ طاہر سعید رامے،سابق یوسی چیئرمین سید محمد شاہ گیلانی،مثالی کاشتکار سید جعفر حسین گیلانی اور راؤ صادق و عتیق نظامی ایڈوکیٹس اور دیگر معززین سیاسی سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
جاوید اقبال