حریم اور ترمیم میں فرق شہر یار آفریدی سے پوچھا جائے،سعید غنی
کراچی (این این آئی) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ٹک ٹاک سے ہی بنی ہے اور یہ ٹک ٹاک سے ہی گر جائے گی۔ وفاقی وزراء کا کام روزانہ ایک ٹک ٹاک بنانا اور شام کو 50 ہزار لائیک ہونے پر جشن منانا ہے۔ شہر یار آفریدی کو فوٹیج اور ویڈیو کا اچھی طرح معلوم ہے ان سے ہی پوچھا جائے کہ حریم اور ترمیم میں کیا فرق ہے۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد کابینہ کا حجم چھوٹا ہوا ہے، اس لئے وزیر اعلیٰ کے پاس متعدد وزارتوں کے قلمدان ہیں۔ ایک سے ڈیڑھ ہزار افراد پر اعتراض کو جواز بنا کر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے آٹھ لاکھ افراد پر پابندی لگانا کسی صورت درست نہیں ہے۔ اس کی آڑ میں پی ٹی آئی کو سیاسی مقاصد کسی صورت حاصل نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ، حکومت سندھ کے تحت خاتون پاکستان کالج میں منعقدہ اکیڈمک پلان اور صوبے بھر کے کالجز میں اعلیٰ نمبرز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اور ٹاپ 10 اکالجز کے پرنسپلز کو شیلڈ اور اعزاز دینے کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
سعید غنی