دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہونگے،الفرید ظفر

  دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے دنیا و آخرت میں سرخرو ہونگے،الفرید ظفر

  



لاہور(جنرل رپورٹر)ڈاکٹری پیشہ پیغمبری ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والی ہی دنیا و آخرت میں سر خرو ہونگے لہذا ہمیں اپنے ذاتی مسائل کو بالائے طاق رکھتے ہوئے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی خدمت کو اپنا نصب العین بنانا چاہئے ان خیالات کا اظہار پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کی سالانہ کار کردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین، ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر رانا محمد شفیق، اے ایم ایس و ڈی ایم ایس صاحبان بھی موجود تھے۔ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے بتایا کہ ادارے کے تمام شعبوں میں سینئر ڈاکٹرز کی تعیناتی اور کنسلٹنٹ کی دستیابی، جدید و معیاری طبی سہولیات کی فراہمی سے 2019کے دوران ایل جی ایچ کے ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں 2294793 مر یض آئے۔

پرنسپل کا کہنا تھا کہ بغیر پرچی فیس مفت علاج معالجہ کیا جا رہا ہے جبکہ مریضوں کے علاوہ اُن کے لواحقین کو بھی آرام گاہ اور پناہ گاہ کی سہولتیں باہم پہنچائی جا رہی ہیں نیز مخیر حضرات کے تعاون سے تینوں وقت کا کھانا بھی مہیا کیا جا رہا ہے جبکہ ایل جی ایچ صوبے کا واحد شفاء خانہ ہے جہاں ایوننگ آؤٹ ڈور شفٹ سے سرکاری و نیم اداروں کے ملازمین و شہری بھرپور استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔پرنسپل پروفیسر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ ایل جی ایچ کو ریکارڈ تعداد میں مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات باہم پہنچانے کا اعزاز حاصل ہے جو کہ وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کے ویژن کا عکاس ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1