چک جھمر ہ کے سینئر صحافی عمران رحمانی کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ

چک جھمر ہ کے سینئر صحافی عمران رحمانی کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ

  



چک جھمرہ(نمائندہ خصوصی)سینئر صحافی عمران رحمانی کے گھر پرچند نامعلوم شر پسندوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس سے وہ اور ان کے اہلخانہ محفوظ رہے جبکہ محلے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق روزنامہ پاکستان کے نمائندہ خصوصی اور صحافی برادری کے حقوق کیلئے کوشاں چیئرمین جھمرہ پریس کلب عمران رحمانی کے گھر پر چند نامعلوم شر پسند وں نے فائرنگ کی۔فائرنگ کا مقصدصحافی برادری کو ڈرانا اوردھمکانا ہو سکتا ہے، پولیس نے مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست وصول کر لی۔ موٹر سائیکل سوار افراد رات ایک بجے محلے میں داخل ہوئے اور فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔ شدید فائرنگ سے گولیاں آہنی گیٹ کو چیرتے ہوئے پار ہو گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ محلہ دار خوفناک آوازوں سے بیدار ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع پرپولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اکٹھے کئے۔ گواہوں کے مطابق فائرنگ کرنے والے چار افراد دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جو فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔سینئر صحافی عمران رحمانی نے اس حملے کو بزدلانہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری کسی سے کوئی ذاتی رنجش نہیں،صحافت سچ اور ثبوت کی بنیاد پر کرتا ہوں، بزدلانہ حملوں سے صحافت کو ڈرایا نہیں جا سکتا۔

شرپسند حملہ 

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر