ملک میں اتھلیٹکس کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں،محمد اکرم ساہی

  ملک میں اتھلیٹکس کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں،محمد اکرم ساہی

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر)اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے ملک میں اتھلیٹکس کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں کئے جانے والے اقدامات کے نتائج بھی سامنے آرہے ہیں،اتھلیٹ ندیم ارشد کونوجوانوں کے لئے مثال بناکر پیش کرنا چاہئیے،اتھلیٹکس کوچنگ کورس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل ریٹائرڈ محمداکرم ساہی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں دوسری مرتبہ اتھلیٹکس کوچنگ کورس کرواریے ہیں جس کا مقصد اتھلیٹس کے علاوہ متعلقہ شعبوں میں لوگوں کو آگے لانا ہے۔اس پہلے ہونے والے کوچنگ کورس میں 25کوچز نے شرکت کی تھی جن میں سے تین لوگ اس وقت بین الاقوامی سطح پر مختلف کوچنگ کورس کنڈکٹ کروارہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ہماری کوشش ہے کہ ٹیکنیکل آفیشلز کو بھی تیار کیا جائے جو کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نیک نامی کا باعث بنیں۔میجر جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے کہا کہ اتھلیٹکس فیڈریشن کی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں،اولمپکس کے لئے ارشد ندیم کا براہ راست کوالیفائی کرنا بہت بڑا موقع ہے،انہوں نے 86 اعشاریہ 29 میٹر تھرو کی ہے جو کہ ورلڈکلاس ہے۔

اور ہمیں امید ہے کہ ارشد ندیم اولمپکس میں ٹاپ تھری میں شامل ہو جائیں گے مگر ہماری کوشش اور خواہش ہے کہ ارشدندیم اولمپکس میں گولڈ میڈل کی دوڑ میں شامل ہوں اور اس سلسلے میں ارشد ندیم کو بیرون ملک ٹریننگ کے لئے بھجوائیں گے انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان اور بین الصوبائی رابطہ کی وزیر کو خط لکھا ہے اور ہمیں امید ہے کہ حکومت اس معاملے میں ہمارا ساتھ دے گی۔صدر اتھلیٹکس فیڈریشن کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی عمدہ کارکردگی کا ادراک نہیں کیا جارہا ہے ہمیں ارشد ندیم کو مثال بناکر نوجوانوں کے سامنے پیش کرنا چاہئے پاکستان کی تاریخ میں یہ بہترین موقع ہے کہ ہم ارشد ندیم کو اچھی تیاری کے ساتھ اولمپکس کے لئے بھجوائیں تاکہ وہ ملک کا نام روشن کرسکے،ان کا کہنا تھا کہ اتھلیٹکس فیڈریشن ارشد ندیم کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...