’ کبھی ہاں کبھی ناں ‘ بنگلہ دیش نے آخر کار پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا ، فیصلے کا اعلان کب ہو گا ؟ شائقین کرکٹ کیلئے اچھی خبر آ گئی

’ کبھی ہاں کبھی ناں ‘ بنگلہ دیش نے آخر کار پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا ، ...
’ کبھی ہاں کبھی ناں ‘ بنگلہ دیش نے آخر کار پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا ، فیصلے کا اعلان کب ہو گا ؟ شائقین کرکٹ کیلئے اچھی خبر آ گئی

  



ڈھاکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے کبھی ہاں اور کبھی ناں کے بعد اب لگتا ہے کہ پکی ہاں کرنے کا فیصلہ کر لیاہے اور پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار ہو گیاہے ۔

نجی ٹی وی ’’ ہم نیوز‘‘ نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے دورہ پاکستان کا حتمی فیصلہ آج آنے کا امکان ہے اور وہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار ہو گیاہے ۔بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے 18 جنوری کو پاکستان پہنچے گی ، بنگلہ دیش پہلے مرحلے میں دو ٹیسٹ میچز کیلئے پاکستان آئے گا ۔یاد ہے کہ بنگلہ دیش نے ٹی ٹوینٹی سیریز پاکستان میں کھیلنے کیلئے رضا مندی ظاہر کر دی تھی تاہم ٹیسٹ کرکٹ کیلئے نیوٹر وینو کا مطالبہ کیا تھا لیکن پاکستان کی جانب سے واضح کر دیا گیا تھا کہ ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں تو پھر پاکستان ہی آنا ہو گا ۔

بنگلہ دیشی میڈیا میں بھی اس حوالے سے متضاد دعوﺅں کا سلسلہ جاری ہے اور ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہت سے کھلاڑیوں نے واقعی پاکستان جانے سے انکار کر دیا ہے اور وہ اس حوالے سے بی سی بی کے صدر کو بھی آگاہ کر چکے ہیں اور اس حوالے سے سامنے آنے والا سب سے پہلا نام مشفیق الرحیم کا ہے۔

بنگلہ دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز اور سابق کپتان مشفیق الرحیم نے بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے کہ اگر ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز پاکستان میں ہوئی تو وہ اس میں شریک نہیں ہوں گے۔ تاہم ایک اور رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کے اکثر کھلاڑی دورے کیلئے رضامندی ظاہر کریں گے جس کے بعد دورہ پاکستان کا اعلان کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب پی سی بی نے پاکستان سپرلیگ کی تیاریاں بھی شروع کر دی ہیں جس کی افتتاحی تقریب کراچی میں ہو گی جبکہ ایونٹ کا فائنل میچ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ، ہر بار کی طرح اس بار بھی غیر ملکی کھلاڑی بھر پور انداز میں پاکستان آئیں گے اور رنگ جمائیں گے ۔

بی سی بی کی جانب سے پہلے ٹی 20 سیریز کھیلنے کا کہا گیا جبکہ یہ موقف بھی اپنایا گیا کہ بہت سے بنگلہ دیشی کھلاڑی بھی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان نہیں جانا چاہتے لیکن یہ جان کر آپ پر حیرت کا پہاڑ ٹوٹ پڑے گا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کیلئے 23 بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے سائن اپ کر رکھا ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مرتبہ ایونٹ کے تمام میچز ہی پاکستان میں شیڈول ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کیلئے سائن اپ کرنے والے 23 بنگلہ دیشی کھلاڑیوں میں سے ایک کھلاڑی نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ اس کے ایجنٹ نے مشاورت کئے بغیر ہی اس کا نام پی ایس ایل ڈرافٹ کیلئے بھیج دیا اور میری دستیابی کے حوالے سے بھی جاننے کی کوشش نہیں کی۔

ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان آنے سے انکاری بنگلہ دیشی کھلاڑی پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں شرکت کیلئے پاکستان آنے کو تیار ہیں حالانکہ اگر واقعی انہیں سیکیورٹی کے حوالے سے تحفظات ہیں تو پھر پی ایس ایل میں شرکت کیلئے پاکستان کا دورہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔

مزید : کھیل


loading...