”پاکستان صورتحال پر خاموش نہیں بیٹھا ہے بلکہ ۔۔“ ایران امریکی کشیدگی ، پاکستان نے واضح اعلان کر دیا

”پاکستان صورتحال پر خاموش نہیں بیٹھا ہے بلکہ ۔۔“ ایران امریکی کشیدگی ، ...
”پاکستان صورتحال پر خاموش نہیں بیٹھا ہے بلکہ ۔۔“ ایران امریکی کشیدگی ، پاکستان نے واضح اعلان کر دیا

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان صورتحال پر خاموش نہیں بیٹھا ہے ، خطے میں کشیدہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ، پاکستان خطے میں کشیدگی نہیں چاہتاہے ،ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی پر تشویش ہے ، پاکستانی قیادت امن کیلئے متحرک ہے ، فریقین کو صبر و تحمل سے کام لینے پر زور دیاہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے خطے کے اہم ممالک کے وزراءخارجہ سے رابطہ کیا ہے ،پاکستان تنازعے کا نہیں بلکہ امن کا شراکت دار ہے ،امریکی صدر کا خطاب توجہ سے سنا ہے اور توقع ہے کہ خطے میں امن کو موقع ملے گا، صدرٹرمپ کی تقریرمیں امن کاعندیہ ہے، جنرل قاسم کی ہلاکت پر پاکستان کو گہری تشویش ہے ۔ عائشہ فاروقی نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ، وزیراعظم نے وزیر خارجہ کو متعلقہ وزراءخارجہ سے رابطے کی ہدایت کی ہے ،وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا بلکہ پاکستان تنازع کے خاتمے کی کوششوں کا حصہ بنے گا ، خطہ مزید تنازعات کا متحمل نہیں ہو سکتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ عراق کا سفر کرنے والوں کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیاہے ،پاکستان کے ایران،افغانستان ودیگرممالک سے تاریخی تعلقات ہیں،ملائیشیاءبرادر ملک ہے جب بھی موقع ملا وزیراعظم عمران خان ملائیشیا ءکاد ورہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پرپالیسی بیان دے چکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لیتے ہوئے عراق میں امریکہ کے فوجی اڈوں پر میزائل برسائے اور دعویٰ کیا کہ حملہ کامیاب رہا جس میں 80 افراد مارے گئے ہیں جبکہ امریکہ کو جنگی سازو سامان کی تباہی کا بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے تاہم امریکہ کی جانب سے فی الحال نقصانات کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہے ۔

دوسری جانب گزشتہ روز ہی ایران میں یوکرائن کا بوئنگ مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس میں 176 افراد سوار تھے جو کہ حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں، یوکرائنی طیارے نے امام خمینی ایئر پورٹ سے یوکرائن کے دارلحکومت کیف کیلئے پرواز بھری تھی کہ چند منٹوں کے بعد اس کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا اور وہ تہران کے قریب ہی گر کر تباہ ہو گیا ۔

طیارے کے زمین پر گرنے کی ویڈٖیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتاہے کہ طیارے میں آگ بھڑکی ہوئی ہے اور تیزی کے ساتھ زمین کی طرف بڑھ رہاہے اور پھر ایک مقام پر آ کر طیارہ نیچے ٹکراتا ہے جس کے باعث دھماکہ ہو تاہے اور ہر طرف آگ پھیل جاتی ہے ۔ایران نے حادثے کے فوری بعد امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا لیکن کوئی بھی مسافر زندہ نہ بچ پایا ۔ایرانی تحقیقاتی اداروں نے طیارے کا بلیک باکس تلاش کر لیے ہیں جو کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے کارآمد ہو گا۔ایران سول ایوی ایشن کے سربراہ نے طیارے کا بلیک باکس بھی بوئنگ کو دینے سے انکار کر دیاہے اور کہاہے کہ فی الحال بلیک باکس کس سے ڈی کوڈ کروایا جائے گا اس کا فیصلہ نہیں ہواہے ۔

مزید : قومی


loading...