”پی ایس ایل کے ٹکٹوں کی قیمت کم رکھی جائے کیونکہ۔۔۔“ پاکستانیوں کیلئے زبردست خوشخبری آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے میچز کیلئے ٹکٹوں کی قیمت کم رکھنے کی تجویز سامنے آ گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین کو سٹیڈیم تک لایا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے ہاﺅس فل کیلئے ٹکٹوں کی کمائی سے زیادہ سٹیڈیمز بھرنے کو اولین ترجیح قرار دیا ہے اور مجوزہ پلان کے مطابق ڈے میچز کے ٹکٹ کے نرخ کم رکھے جارہے ہیں تاہم نائٹ میچز کیلئے نرخوں میں دو سے تین سو روپے کا اضافہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میزبان شہر میں ہونےو الے اہم میچز کے ٹکٹ کی نرخوں میں بھی کچھ فرق تجویز کیا گیا ہے، جن میچز میں شائقین کی زیادہ دلچسپی نہیں ہوگی، ان کے ٹکٹ سب سے کم ہوں گے جبکہ نرخوں کو چند روز میں فائنل کرکے پرنٹنگ کیلئے آرڈر دیدیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے میچز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت 20 جنوری سے شروع ہو گی جبکہ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب 20 فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہے اور فائنل میچ 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔