”ہم سخت مزاحمت کریں گے اگر۔۔۔“ انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن نے آئی سی سی کو زوردار جھٹکا دیدیا

”ہم سخت مزاحمت کریں گے اگر۔۔۔“ انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن نے آئی سی سی کو ...
”ہم سخت مزاحمت کریں گے اگر۔۔۔“ انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن نے آئی سی سی کو زوردار جھٹکا دیدیا

  



نئی دہلی پاکستان آن لائن) دنیا بھر کے اکثر کرکٹرز نے 4 روزہ ٹیسٹ میچ کی تجویز پر حیرت کا اظہار کیا ہے جبکہ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن (فیکا) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے تجویز کا اصل مقصد سامنے لانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیکا نے کہا ہے کہ جب تک یہ واضح نہیں کیا جائے گا کہ کیلنڈر میں بچنے والی خالی جگہ کو کیسے استعمال کیا جائے گا تب تک 4 روزہ ٹیسٹ کی حمایت نہیں ہو سکتی۔ آئی سی سی نے مصروف ترین شیڈول اور کھلاڑیوں پر کام کا بوجھ کم کرنے کیلئے 5 روزہ ٹیسٹ میں ایک دن کٹوتی کی تجویز دی جس کا مارچ میں آئی سی سی کرکٹ کمیٹی میں جائزہ لیا جائے گا تاہم دنیا بھر کی کرکٹرز ایسوسی ایشن کی فیڈریشن کو خدشہ ہے کہ اس طرح کیلنڈر میں بچنے والی جگہ زیادہ کرکٹ سے پر کیا جائے گا۔

فیکا کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہاگیاکہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز سے بات چیت اور گلوبل سروے ڈیٹا سے واضح ہواکہ روایتی فارمیٹ میں تبدیلی کے حوالے سے منفی قسم کے جذبات پائے جاتے ہیں، اگر آئی سی سی اور بورڈز اس تجویز پر عملدرآمد چاہتے ہیں تو پھر ہم جاننا چاہیں گے کہ 4 روزہ ٹیسٹ کے معاشی اور شیڈولنگ فوائد کیا ہوں گے، اس کے بعد ہم پلیئرز سے بات کرکے حقیقی مشترکہ فیڈ بیک حاصل کریں گے۔

اعلامیہ میں کہا گیا خاص طور پر ہمارے اورکھلاڑیوں کیلئے یہ جاننا ضروری ہے کہ ٹیسٹ میچ کو مختصر کرنے سے کیلنڈر میں جو جگہ بچے گی اسے کیسے استعمال کیا جائے گا، ایسا نہ ہوکہ بے معنی کرکٹ کیلئے روایتی فارمیٹ کو بدل دیا جائے، ہم ایسی کسی بھی چیز کی کبھی حمایت نہیں کریں گے۔فیکا نے آخر میں خبردار کیا کہ جب تک کھلاڑیوں کو اس تجویز کی مکمل وضاحت نہیں کی جاتی، ہم بدستور پانچ روزہ کرکٹ کے حامی رہیں گے اور کسی بھی قسم کی زبردستی تبدیلی کے خلاف مزاحمت ہوگی۔

مزید : کھیل