’ہم تباہ ہونے والے یوکرائنی طیارے کا بلیک باکس نہیں دیں گے‘ ایران نے اعلان کردیا
تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران میں تباہ ہونے والے یوکرائنی طیارے کے حوالے سے ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ بوئنگ کمپنی کو تحقیقات کیلئے طیارے کا بلیک باکس نہیں دے گا۔
ایران کے دارالحکومت تہران کے قریب گر کر تباہ ہونے والے یوکرائنی طیارے میں عملے کے ارکان سمیت 176 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یوکرائنی حکام نے طیارے پر حملے کے امکانات کو مسترد نہیں کیا۔ یوکرائنی صدر نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے وہ طیارہ حادثے کی تحقیقات میں ان کی معاونت کرے۔
ایرانی تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ رابطہ منقطع ہونے کے بعد طیارے میں سوار عملے کے افراد نے مدد کیلئے کوئی ریڈیو کال نہیں کی۔ ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ یوکرائنی طیارے بوئنگ 737 کے بلیک باکس ریکارڈرز بوئنگ کمپنی کو تحقیقات کیلئے نہیں دے گا۔
کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ جلد ہی ایک ٹیم ایران بھیج رہا ہے جو تحقیقات کرنے کے ساتھ ساتھ مرنے والوں کی لاشیں بھی وصول کرے گی۔
خیال رہے کہ ایران نے جب عراق میں امریکی ایئر بیسز پر میزائل حملے کیے اس کے کچھ ہی دیر بعد یوکرائنی طیارہ بھی گر کر تباہ ہوا تھا، طیارے میں 82 ایرانی، 63 کینیڈین اور 11 یوکرائنی شہری سوار تھے۔