انڈر 19 ورلڈکپ کیلئے پاکستان نے 2 ’کٹس‘ متعارف کرا دیں، دوسری کٹ کیسی ہے؟ تصاویر بھی سامنے آ گئیں

انڈر 19 ورلڈکپ کیلئے پاکستان نے 2 ’کٹس‘ متعارف کرا دیں، دوسری کٹ کیسی ہے؟ ...
انڈر 19 ورلڈکپ کیلئے پاکستان نے 2 ’کٹس‘ متعارف کرا دیں، دوسری کٹ کیسی ہے؟ تصاویر بھی سامنے آ گئیں

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کیلئے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی ہوم اور اوے کٹ کی رونمائی کر دی ہے اور اس کی تصاویر بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی انڈر 19 کھلاڑیوں نے نئی کٹ کے ساتھ قذافی سٹیڈیم لاہور میں تصاویر بنوائیں۔ یہ کٹ گزشتہ سال ورلڈ کپ میں قومی سینئر ٹیم کی کٹ سے مشابہت رکھتی ہے جو سبز رنگ کی ہے اور اس پر سفید رنگ سے کھلاڑیوں کے نام درج ہیں۔ اوے کٹ پیلے اور ہرے رنگ کی ہے جس میں شرٹ پر پیلا رنگ خاصا نمایاں ہے۔

پاکستان کی ٹی20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ پاکستان کا ستارہ فخر سے سینے پر سجائیں اور اپنا بہترین کھیل پیش کریں۔ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 17 جنوری سے 9 فروری تک جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی ٹیم عالمی کپ کے گروپ سی میں موجود ہے جہاں وہ 19جنوری کو سکاٹ لینڈ کے خلاف میچ سے ایونٹ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔اس کے بعد پاکستانی ٹیم کا اگلا میچ 22جنوری کو زمبابوے اور پھر گروپ کا آخری میچ 24جنوری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔

گروپ مرحلے کے بعد ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیں گی جبکہ بقیہ ٹیمیں پلیٹ چیمپیئن شپ میں شرکت کریں گی۔سپر لیگ مرحلے کی چار بہترین ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی اور سیمی فائنل کی فاتح ٹیمیں 9فروری کو ٹائٹل کیلئے نبردآزما ہوں گی۔

عالمی ایونٹ کیلئے قومی انڈر 19 سکواڈ کی قیادت روہیل نذیر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حیدر علی، عبدالواحد بنگال زئی، محمد شہزاد، محمد حارث، محمد ہریرہ، محمد عرفان خان، عباس آفریدی، فہد منیر، قاسم اکرم، عامر علی، عارش علی خان، عامر خان، محمد وسیم جونیئر اور طاہر حسین شامل ہیں۔

مزید : کھیل