جوز بٹلر ٹیسٹ میچ میں ویرنون فلینڈر کو گالیاں دیتے پکڑے گئے، آئی سی سی نے سزا دیدی

جوز بٹلر ٹیسٹ میچ میں ویرنون فلینڈر کو گالیاں دیتے پکڑے گئے، آئی سی سی نے سزا ...
جوز بٹلر ٹیسٹ میچ میں ویرنون فلینڈر کو گالیاں دیتے پکڑے گئے، آئی سی سی نے سزا دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کیپ ٹاﺅن (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ویرنون فلینڈر کو میچ کے دوران گالی دینے پر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کرتے ہوئے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیپ ٹاﺅن میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری روز سنسنی خیز لمحات کے دوران جوز بٹلر نے بیٹنگ کیلئے کریز پر موجود ویرنون فلینڈر کو گالی دی جو سٹمپ مائیک میں پکڑی گئی اور ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی۔ آئی سی سی نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر جوز بٹلر کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا ہے، دو سال کے عرصے میں 4 ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کرنے والے کرکٹرز کو معطل بھی کیا جا سکتا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ جوز بٹلر آئی سی سی کے کھلاڑیوں کیلئے وضع کردہ کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.3 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے جو کسی انٹرنیشنل میچ کے دوران فحش، نازیبا گفتگو اور گالی وغیرہ دینے سے متعلق ہے۔
آئی سی سی ایلیٹ پینل کے ممبر اینڈی پائی کرافٹ نے جوز بٹلر کو جرمانے اور ڈی میرٹ پوائنٹ کی سزا سنائی جو انہوں نے تسلیم کر لی جس کے باعث مزید کارروائی کی ضرورت نہ رہی۔

مزید :

کھیل -