افغان قونصل خانے نے سانحہ مچھ میں قتل ہونے والے 7 افغان کان کنوں کی شناخت ظاہر کردی
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) افغان قونصل خانے نے سانحہ مچھ میں قتل کئے گئے 7 افغان کان کنوں کی شناخت ظاہر کردی ہے، تمام مقتولین کا تعلق افغانستان کے صوبہ دائیکندی سے ہے۔
سما نیوز کے مطابق بلوچستان کے علاقے مچھ میں تین جنوری کی رات کالعدم دہشت گرد تنظیم داعش کے مسلح دہشت گردوں نے کوئلے کے کان میں کام کرنیوالے 10 مزدوروں کو قتل کردیا تھا۔کوئٹہ میں قائم افغان قونصل خانے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مقتولین کی شناخت چمن علی، عزیز، نسیم، عبداللہ، شیر محمد، حسن جان اور انور علی کے نام سے ہوئی ہے ، یہ تمام کان کن افغان صوبہ دائیکندی سے تعلق رکھتے ہیں۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جاں بحق 4 کان کنوں کا تعلق ضلع شہرسران جبکہ 3 کا تعلق ضلع میر امور سے ہے۔