جدید راکٹ سسٹم کا پہلا کامیاب تجربہ!

جدید راکٹ سسٹم کا پہلا کامیاب تجربہ!

  

پاکستانی ماہرین نے جدید گائیڈڈ راکٹ سسٹم تیار کر کے تجربہ بھی کر لیا ہے اور یوں دفاعی نظام میں مزید بہتری آئی ہے،اس نئے سسٹم کا نام ”فتح“ اور پہلے تجربے والے راکٹ کو ”فتح ون“ کہا گیا ہے۔ یہ ”ملٹی پرپز“ راکٹ روایتی وار ہیڈ کے ساتھ140 کلو میٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے اور اس کا کامیاب تجربہ جمعرات کو کیا گیا۔راکٹ اور میزائل سازی کا سلسلہ پاکستان میں کبھی کا شروع ہے،اس کا تمام تر مقصد ان بیرونی ممالک سے اپنا دفاع ہے جو پاکستان کے خلاف جارحانہ عزائم رکھتے ہیں، خصوصاً ہمسایہ ملک بھارت پاکستان کے خلاف ناپاک عزائم رکھتا اور اس کا اظہار بھی کرتا رہتا ہے اور ایٹم بم سے میزائل اور راکٹ سازی سب ان ناپاک ارادوں کو ناکام بنانا اور اپنا تحفظ کرنا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تجربہ سو فیصد کامیاب رہا، جس کے بعد صدر اور وزیراعظم نے بھی مبارکباد دی ہے، بلاشبہ بھارت خصوصاً موجودہ  مودی حکومت ہمارے ملک کے خلاف مسلسل جارحیت کا ارتکاب کر رہی ہے۔ حتیٰ کہ لائن آف کنٹرول کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایسے میں پاکستان خاموش نہیں رہ سکتا، اور دفاعی تیاریاں مجبوری ہیں، بھارت تو اپنے پاس جدید اسلحہ کے انبار لگا رہا ہے،اس کے عزائم بھی ڈھکے چھپے نہیں،اس لئے جارحیت کو روکنے کے لئے اپنے دفاعی نظام کو زیادہ موثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے،ا ب تو پاکستان میزائل سازی میں بھی خود کفالت حاصل کر چکا ہے۔ماہرین اور قوم کو مبارک!

مزید :

رائے -اداریہ -