اضافی رعایتی نمبرنہ ملنے کیخلاف رٹ پر نوٹسز جاری

  اضافی رعایتی نمبرنہ ملنے کیخلاف رٹ پر نوٹسز جاری

  

پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے امپرومنٹ کیلئے درخواستیں دینے والے میڈیکل طلبہ سے 10نمبرکاٹنے اور کویڈ19کیوجہ سے اضافی رعایتی نمبرنہ ملنے کیخلاف رٹ پر خیبرمیڈیکل یونیورسٹی، پاکستان میڈیکل کمیشن ودیگرفریقین کونوٹسز جاری کردیئے جبکہ 19 جنوری تک جواب طلب کرلیا گیا۔جسٹس نعیم انور نے درخواست گزارسلمان اعظم، معظم سعید، محمد الیاس وغیرہ کی رٹ پر سماعت کی۔دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکیل عباس خان سنگین نے عدالت کو بتایا کہ  ایف ایس سی کے بعد طلبہ سے امپرومنٹ کیلئے 10،10نمبرکاٹ دیئے جاتے ہیں۔اس طرح 2020میں امتحانات منسوخ کرکے نویں،دسویں اور بارویں جماعت کے تمام طلبہ کو 3فیصد گریس مارکس یعنی 15اضافی رعایتی نمبر دیئے گئے تاہم انہیں یہ نمبر بھی نہیں ملے جسکی وجہ سے درخواست گزاروں کا میڈیکل میں داخلہ سے رہ جانے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ انہوں نے دلائل دیئے کہ پنجاب اور سندھ میں امپرومنٹ کیلئے نمبرنہیں کاٹے جاتے۔انہوں نے اس اقدام کو کالعدم قراردینے اورکیس فیصلہ ہونے تک درخواست گزاروں کوکلاسز لینے کی اجازت دینے کی استدعا کی۔ فاضل جسٹس نے ابتدائی دلائل کے بعد فریقین کو19جنوری تک جواب جمع کرانیکا حکم دے دیا۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -