اماراتی حکومت کا آ ج سے قطر کیساتھ زمینی، فضائی، سمندری راستے کھولنے کا اعلان
دبئی(شِنہوا)متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ 9جنوری سے قطر کیساتھ اپنی تمام زمینی، فضائی اور سمندری بندرگاہوں کو دوبارہ کھول دے گا۔سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے امور خارجہ اور بین الاقوامی تعاون کے انڈر سیکرٹری خالد عبداللہ بلھول نے جمعہ کے روز کہا کہ العلا اعلامیہ پر دستخط کے بعد ملک کی جانب سے قطر کیخلاف اٹھائے گئے تمام اقدامات کو ختم کرنا شروع کر دیا جائیگا، جسے ایک بڑی کامیابی سمجھا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات آمد اور روانگی کی نقل وحرکت کیلئے تمام زمینی فضائی اور سمندری بندرگاہوں کو دوبارہ کھولنے کیلئے کام کرے گا اور ان اقدامات کیلئے متحدہ عرب امارات میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جن کو 9 جنوری تک فعال کر دیا جائیگا۔انہوں نے تصدیق کی کہ دوطرفہ بات چیت کے ذریعے دیگر تمام بقایا امور کو نمٹانے کیلئے متحدہ عرب امارات قطر کیساتھ مل کر کام کرے گا۔
اماراتی حکومت