وزیراعلٰی کی منظوری سے جنوبی پنجاب  سیکرٹریٹ ایک ہفتے میں فعال ہونیکا امکان 

      وزیراعلٰی کی منظوری سے جنوبی پنجاب  سیکرٹریٹ ایک ہفتے میں فعال ہونیکا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ڈیرہ غازیخان،تونسہ شریف (ڈسٹرکٹ بیورو رپورٹ،سٹی رپورٹر،نمائندہ پاکستان) کمشنرڈیرہ غازیخان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمدنے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی خصوصی دلچسپی سے ضلع ڈیرہ غازی خان میں 39 ارب 38 کروڑ روپے سے مختلف مفاد عامہ کے 1641 منصوبوں پر کام جاری ہے جن  میں سے  395 منصوبوں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بات تونسہ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب(بقیہ نمبر23صفحہ6پر)
 زاہد اختر زمان کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی انہوں نے بتایا کہ رواں سال کی اے ڈی پی کے تحت 33 ارب 22 کروڑ روپے کے 135 میں سے 54 منصوبے مکمل کرلئے گئے اور پانچ نئے منصوبوں میں سے چار کی منظوری دے دی گئی ہے جن پر 43 کروڑ دس لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے انہوں نے کہاکہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون میں 70 کروڑ روپے سے 78 منصوبے مکمل کئے گئے اسی طرح71 کروڑ 30 لاکھ روپے کے سی ڈی پی فیز ٹو کے  62 میں سے چھ منصوبے بھی مکمل کرلئے گئے ہیں۔ایس ڈی جی پروگرام کے پہلے مرحلے میں 85 کروڑ روپے سے 500 منصوبے شروع کئے گئے اور 188سکیموں کو مکمل کرلیا گیا دوسرے مرحلے میں 62 کروڑ 90 لاکھ روپے سے 281 منصوبے شروع کئے گئے اور 8 مکمل کرلئے گئے ہیں اور فیز تھری میں 44 ارب 80 کروڑ روپے سے 269 منصوبوں پر کام جاری ہے۔ کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے بتایا کہ ضلع ڈیرہ غازیخان میں دیہی روڈز پروگرام فیز ون میں 61 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے تمام 9 روڈز مکمل کرلئے گئے اور فیز ٹو میں 67 کروڑ 30 لاکھ روپے سے آٹھ منصوبوں پر کام جاری ہے۔پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت ضلع میں 67 کروڑ 26 لاکھ روپے سے123 منصوبوں پرکام کیا جارہا ہے وزیر اعلیٰ کے سپیشل ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ضلع کے چاروں اراکین قومی اسمبلی کے حلقوں میں 24 سکیموں کیلئے 40 کروڑ روپے کے فنڈز دئیے گئے۔ جبکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام سیکرٹریز کے ہمراہ تونسہ کا دورہ کیا شاہ سلیمان کرکٹ سٹیڈیم میں ملکی تاریخ میں پہلی بار اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے سیکرٹریز آفتاب احمد پیرزادہ، کیپٹن ریٹائرڈ محمد احمد،احتشام انور،عثمان علی خان،نوشین ملک،لیاقت علی چھٹہ،ثاقب علی عطیل،محمد الطاف بلوچ،محمد اجمل بھٹی،کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ارشاد احمد،آر پی او محمد فیصل رانا،ڈپٹی کمشنر محمد علی اعجاز سمیت جنوبی پنجاب کے اعلی افسران شریک تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے ضلع بالخصوص تونسہ اور وہوا ڈویلپمنٹ پیکج پر افسران سے بریفنگ لی۔کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ارشاد احمد نے منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا.ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے تونسہ میں اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ تونسہ میں اعلی سطحی اجلاس کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنا ہے تمام محکموں کے سیکرٹریز منصوبوں کا موقع پر از سر نو جائزہ لیکر خامیوں کو دور کریں۔ کوئی بھی میگا پراجیکٹ تھرڈ پارٹی کنسلنٹیز کے بغیر نہ کیا جائے۔ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔غیر جانبدار ذرائع سے بھی ترقیاتی منصوبوں کو چیک کرایا جائیگا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ غیر معیاری کام پر تعمیراتی کمپنیوں سے ریکوری کرائی جائے گی۔ تحصیل کوہ سلیمان کے پہاڑوں  میں بھی ترقیاتی منصوبوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے تونسہ پل اور عمارتوں کے نزدیک رود کوہی سنگھڑ سے مٹی ریت اٹھانے پر دفعہ 144 کے نفاذ اور ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان کوپابندی پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں انہوں نے کہا کہ محکمہ انہار رود کوہیوں کے رائٹ وے پر تعمیرات روکنے کیلئے پہل کرے۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان نے کہاکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ایک ہفتہ کے اندر مکمل طور پر فنکشنل کردیا جائیگا۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے منظوری دے دی ہے۔جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز کو انتظامی سمیت تمام اختیارات دئیے جائیں گے۔سیکرٹریز لائحہ عمل مرتب کریں۔ آئندہ کسی بھی سیکرٹری اور افسر کا ایکسکیوز برداشت نہیں کیا جائیگا۔اساتذہ کی کمی پورے کرنے کیلئے ایڈہاک ازم کا طریقہ اپنایا جائیگا۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ آج کے اجلاس کا مقصد تیاریوں کا جائزہ لینا ہے اور وہ جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع میں تحصیل سطح تک جائیں گے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے تونسہ کا دورہ کرتے ہوئے تحصیل صدر ہسپتال اور پناہ گاہ کا تفصیلی معائنہ کیا انہوں نے پناہ گاہ میں مقیم مستحق افراد کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا اور معیار چیک کیاکمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ارشاد احمد،آر پی او محمد فیصل رانا،ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز اور دیگر موجود تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اختر زمان نے تونسہ میں پناہ گاہ منصوبہ کے بارے میں بریفنگ لی اور متعلقہ محکمہ کو نو تعمیر شدہ عمارت قانونی تقاضے پوری کرتے ہوئے ٹیک اوور کرنے کی ہدایات جاری کیں انہوں نے کہا کہ پناہ گاہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی طرف سے مسافر اور بے سہارا افراد کیلئے تحفہ ہے موسم کی شدت کے دوران چھت اور گھر جیسا ماحول کسی نعمت سے کم نہیں۔تونسہ کی پناہ گاہ میں ایک سو مرد،خواتین کے قیام کی گنجائش ہوگی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب نے ٹی ایچ کیو ہسپتال تونسہ کی زیر تعمیر عمارت کا بھی معائنہ کیا اور کام کی رفتار تیز کرتے ہوئے معیاری میٹریل کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
زاہد اختر زمان