2 بیٹوں نے 31 سال بعد صحافی باپ کے قتل کا بدلہ لے لیا

2 بیٹوں نے 31 سال بعد صحافی باپ کے قتل کا بدلہ لے لیا
2 بیٹوں نے 31 سال بعد صحافی باپ کے قتل کا بدلہ لے لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں2 بیٹوں نے 31سال بعد اپنے صحافی باپ کے قتل کا بدلہ لے لیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مدن سنگھ نامی مقتول صحافی راجستھان کے ضلع اجمیر شریف میں ایک گینگ کی طرف سے سکولوں اور کالجز کی طالبات کو بلیک میل کرکے انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے سکینڈل پر تحقیقات کر رہا تھا۔ 
اس سکینڈل میں ملوث سوائی سنگھ اور دیگر لوگوں نے مدن سنگھ کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کی کوشش کی تاہم وہ شدید زخمی ہوا اور ہسپتال پہنچ گیا جہاں اس کا علاج کیا جا رہا تھا کہ 6ملزمان ہسپتال میں گھس گئے اور وہاں فائرنگ کرکے اسے قتل کر دیا۔ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے وہ 2012ءمیں بری کر دیئے گئے۔
ان کی بریت کے وقت مقتول صحافی کے بیٹوں سوریا پرتاب سنگھ اور دھرم پرتاب سنگھ نے اپنے باپ کے قتل کا بدلہ لینے کی ٹھان لی۔ انہوں نے پہلے بھی سوائی سنگھ پر حملہ کیا تھا تاہم وہ بچ نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ گزشتہ روز دونوں نے اجمیر شریف کی تحصیل پشکر میں واقع ایک سیاحتی مقام پر سوائے سنگھ کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔ 
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس پشکر اسلام خان نے بتایا ہے کہ سوائی سنگھ پر حملے کے فوری بعد سوریا پرتاب سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا تاہم اس کا بھائی دھرم پرتاب سنگھ اور ان کاایک نامعلوم ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تین لوگ ریزارٹ پر سوائی سنگھ کے کمرے میں گھس گئے اور اسے گولیاں مار دیں۔